میلبورن: نہایت مہلک اور نئے کرونا وائرس نے آسٹریلیا کی معیشت کو ایک اور دھچکا پہنچا دیا، ویک اینڈ پر ہونے والی فارمولا ون کار ریس منسوخ کر دی گئی۔
تفصیلات کے مطابق اس ویک اینڈ پر میلبورن میں شروع ہونے والی آسٹریلوی گرانڈ پرکس منسوخ کر دی گئی ہے، کار ریس منسوخ ہونے سے تقریباً ایک ارب ڈالر کا نقصان ہوا ہے۔
گزشتہ روز کار ریس کی ٹیم میک لارن نے ایک ممبر میں کرونا وائرس کا ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد ایونٹ سے دست برداری کا اعلان کر دیا تھا۔ فارمولا ون ریس کے اسٹیک ہولڈرز کی جانب سے مشترکہ بیان جاری کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ میک لارن ریسنگ ٹیم کے ایک ممبر میں COVID-19 پازیٹو آنے اور ٹیم کی دست برداری کے بعد ایک میٹنگ میں ایونٹ کی منسوخی کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
دریں اثنا، ٹیم کے باقی تمام ارکان کو ہوٹل میں چودہ دنوں کے لیے قرنطینہ میں رکھ لیا گیا ہے۔ فارمولا ون ریس کی منسوخی کے اس فیصلے نے اگلے ویک اینڈ پر بحرین گرانڈ پرکس کے انعقاد کو بھی مشکوک بنا دیا ہے جو بغیر تماشائیوں کے منعقد ہوگی۔
ادھر نیوزی لینڈ اور آسٹریلیا کے درمیان جاری ون ڈے میں بھی تماشائیوں پر پابندی لگا دی گئی ہے۔ خیال رہے کہ آسٹریلیا میں کرونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 160 ہو چکی ہے اور اب تک اس سے 3 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔