نئی دہلی : کورونا وائرس کے باعث آئی پی ایل کی منسوخی کے بعد آسٹریلیا کے کرکٹرز بھارت سے وطن واپسی کیلئے مالدیپ جانے کی تیاری کررہے ہیں، آئی پی ایل میں آسٹریلیا کے کھلاڑیوں سمیت 40 افراد کا گروپ شامل تھا۔
بھارت میں کورونا کی بدترین صورتحال اور کئی کھلاڑیوں کے کورونا میں مبتلا ہونے کے بعد بھارتی کرکٹ بورڈ کی جانب سے آئی پی ایل کو غیرمعینہ مدت تک ملتوی کرنے کے بعد غیرملکی کھلاڑی جلد سے جلد اپنے اپنے ممالک جانے کی تیاریوں میں مصروف ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ آئی پی ایل میں شامل آسٹریلیا کے کھلاڑی، کوچنگ عملہ اور تبصرہ نگاروں سمیت 40افراد سرحدوں اور فضائی رابطوں کی بندش کے باعث وطن واپسی کے معاملے پر مخمصے کا شکار تھے۔
یہاں سے واپس جانے کیلئے بھارت سے کوئی پرواز براہ راست آسٹریلیا نہیں جارہی جس کے سبب پیٹ کمنز، اسٹیون اسمتھ ، گلین میکسویل ، رکی پونٹنگ، سائمن کاٹچ اور کمنٹیٹر مائیکل سلیٹر اور دیگر مالدیپ جانے کی تیاری کررہے ہیں۔
بھارت میں کوویڈ19 کے کیسز میں اضافے کے ساتھ ہی آسٹریلیا حکومت نے15 مئی تک ہندوستان سے پروازوں پر پابندی عائد کردی تھی۔ بھارت سے وطن واپسی کی کوشش کرنے والے آسٹریلوی شہریوں کو بھاری جرمانہ یا حتیٰ کہ جیل بھجوانے کا بھی اعلان کیا گیا ہے۔
اس پابندی کے بعد آسٹریلیا کی بجائے مالدیپ جانے والے آسٹریلوی کمنٹیٹر مائیکل سلیٹر کا کہنا ہے کہ ہندوستان میں پھنسے ہوئے شہریوں کو ان کی حکومت کی طرف سے نظرانداز کیا جارہا ہے۔
سابق ٹیسٹ کرکٹر اور مبصر مائیکل سلیٹر نے آسٹریلوی وزیر اعظم اسکاٹ موریسن پر الزام عائد کیا ہے کہ وزیراعظم تمہارے ہاتھوں پر خون ہے کیونکہ ہندوستان میں کوویڈ 19 بحران بڑھتا جارہا ہے۔
If our Government cared for the safety of Aussies they would allow us to get home. It’s a disgrace!! Blood on your hands PM. How dare you treat us like this. How about you sort out quarantine system. I had government permission to work on the IPL but I now have government neglect
— Michael Slater (@mj_slats) May 3, 2021
انہوں نے گزشتہ روز سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے پیغام میں کہا تھا کہ آسٹریلیا کے شہریوں کو وطن واپسی سے عارضی طور پر روکنے کی حکومت کی پالیسی ایک بدنامی ہے، ہندوستان میں پھنسے ہوئشہریوں کو ان کی حکومت کی طرف سے نظرانداز کیا جارہا ہے۔
واضح رہے کہ بھارت میں کچھ کھلاڑیوں کے کورونا ٹیسٹ مثبت آنے کی وجہ سے آئی پی ایل کو ملتوی کیا جا چکا ہے، ہندوستان میں رہ جانے والا آسٹریلیائی دستہ کم از کم 15 مئی تک گھر نہیں جا سکتا۔
طیارہ کرایہ پر لینے سے راستہ نکل سکتا ہے لیکن پھر بھی اسے وفاقی حکومت کی منظوری درکار ہوگی، تاہم کرکٹ آسٹریلیا کے چیف ایگزیکٹو نک ہاکلی نے کہا کہ کسی بھی چارٹر پرواز کے حوالے سے کوئی تجویز زیر غور نہیں ہے۔