ہالی ووڈ کے معروف ڈائریکٹر جیمز کیمرون نے اوتار 3 کے بارے میں اہم اشارے دیتے ہوئے کہا ہے کہ شاید یہ وہ فلم نہ ہو جس کا شائقین انتظار کررہے ہیں۔
فلمساز جیمز کیمرون نے اوتار 3: فائر اینڈ ایش جس کا شائقین کو بےصبری سے انتظار ہے اس کے بارے میں نئے انکشافات کیے ہیں، جس سے اندازہ ہوتا ہے کہ یہ اوتار فرنچائز میں اب تک کی سب سے زیادہ حیران کن اور انوکھے مناظر والی فلم ہو سکتی ہے۔
حالیہ انٹرویو میں جیمز نے اشارہ دیا ہے کہ یہ فلم سامعین کی توقعات کے خلاف بھی ہو سکتی ہے، انھوں نے خبردار کیا کہ شاید یہ وہ نہیں ہو جس کے لیے ناظرین نے ’سائن اپ کیا‘ ہو۔
اکیڈمی ایوارڈ یافتہ ڈائریکٹر نے اوتار 3 کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ ’یہ ایک مشکل چیز ہے، ہم یہاں خود اپنی پراڈکٹ کو مزید بہتر بنانے کی کوشش کرتے ہیں، اور شاید ہر وہ شخص جو اس فلم کو دیکھے وہ سوچے میں نے اس کی امید تو نہیں کی تھی۔
جیمز کیمرون نے کہا کہ اگر آپ بہادری اور ہمت کے ساتھ انتخاب نہیں کر رہے ہیں، تو آپ سب کا وقت اور پیسہ ضائع کر رہے ہیں۔ یہ اکیلے کامیابی کے لئے کافی نہیں ہے۔
انھوں نے مزید کہا کہ ہمارے پاس واقعی کچھ بہترین ایکشن سیٹ پیسز ہیں، اس فلم میں آپ اپنا بہترین دے سکتے ہیں۔ میں ایک فنکار کے طور پر پرجوش ہوں حالاں کے 70 سال کا ہو گیا ہوں۔