اسلام آباد: وفاقی وزیر توانائی اویس لغاری کا کہنا ہے کہ حکومت کی کوشش ہے پاور ٹیرف میں پائیدار بنیاد پر کمی کی جائے، پاکستان میں متبادل ذرائع توانائی کا انقلاب آ چکا ہے۔
اویس لغاری نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ بجلی کی قیمتوں میں کمی کیلیے متعدد اقدامات کیے، دو تین سال سے بجلی کی طلب میں کمی ہوئی ہے، حکومت نے صارفین کو ریلیف فراہم کرنے کی کوشش کی۔
وزیر توانائی نے بتایا کہ گزشتہ ایک سال میں پاور سیکٹر میں اہم اصلاحات کی گئی ہیں جبکہ صنعتی شعبے کا ٹیرف 30 فیصد کم کیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں: وزیر توانائی اویس لغاری نے عوام کو ایک اور خوشخبری سنا دی
پچھلے دنوں اویس لغاری نے بتایا تھا کہ مہنگی بجلی کے 7000 میگا واٹ منصوبے ختم کر دیے گئے جبکہ 10 سال کی بجلی کی منصوبہ بندی منظور کر لی گئی۔
وزیر توانائی نے بتایا تھا کہ بجلی کے مہنگے پلانٹس ختم کر کے عوام کو بڑا ریلیف دیا گیا، حکومت بجلی نہیں خریدے گی وزیر اعظم شہباز شریف نے اگلے 10 سال کی بجلی کی منصوبہ بندی منظور کر لی ہے۔
انہوں نے بتایا تھا کہ پرانی پالیسی جاری رہتی تو صارفین کو 4743 ارب روپے کا اضافی بوجھ برداشت کرنا پڑتا، نئی منصوبہ بندی سے 4743 ارب روپے کی بچت ممکن ہوگی۔
ان کا کہنا تھا کہ سنگل بیئر ماڈل ختم، کاسٹ پلس ٹیرف کا خاتمہ کر دیا ہے، بجلی خریداری کے نئے معاہدوں سے 2790 ارب روپے کی بچت ہوگی۔
اویس لغاری نے کہا تھا کہ بجلی منصوبہ بندی میں بنیادی اصلاحات کی گئی ہیں، مہنگی بجلی کی خریداری روکنے کیلیے منصوبہ بندی کو بنیادی اور صحیح اصولوں کے اوپر لانا ہے۔