کراچی: ٹرین ڈرائیورز کی حاضر دماغی کی وجہ سے ریل ممکنہ بڑے حادثے سے بچ گئی۔
تفصیلات کے مطابق ٹرین ڈرائیورز کی حاضر دماغی نے پشاور جانے والی عوام ایکسپریس کو رن پٹھانی اسٹیشن کے قریب خطرناک حادثے سے بچا لیا۔
رپورٹ کے مطابق رن پٹھانی کے قریب ریل کی پٹری ٹوٹی ہوئی تھی، ویڈیو میں پٹری کے ٹوٹے ہوئے حصے کو دیکھا جا سکتا ہے۔
عوام ایکسپریس کے ڈرائیور ناصر اور اسسٹنٹ ڈرائیور محمد ذیشان نے ٹوٹے حصے کو دیکھ لیا، اور بر وقت بریک لگا کر ٹرین کو حادثے سے بچا لیا۔
روہڑی ٹرین حادثہ، ابتدائی رپورٹ سامنے آ گئی
بر وقت بریک لگائے جانے سے ٹرین میں سوار سینکڑوں مسافروں کی قیمتی جانیں محفوظ رہیں۔
واضح رہے کہ سکھر کے قریب منڈو ڈیرو اسٹیشن کے قریب 7 مارچ کو کراچی ایکسپریس کو خوف ناک حادثہ پیش آیا تھا، نان اسٹاپ کراچی ایکسپریس پٹری سے اترنے سے حادثے میں ایک خاتون جاں بحق ہوئی تھی۔
ان دنوں ریل حادثات میں بے پناہ اضافہ ہو چکا ہے، گزشتہ ہفتے صرف چوبیس گھنٹوں کے دوران ملک کے مختلف شہروں میں 5 ریل حادثات پیش آئے تھے، جو ریلوے کی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہے۔