مظفرگڑھ : عوامی راج پارٹی کے سربراہ اور سابق رکن قومی اسمبلی جمشید دستی دلہنیا لینے پشاور روانہ ہوگئے۔
تفصیلات کے مطابق عوامی راج پارٹی کے سربراہ جمشید دستی نے اس موقع پر اپنی مرحومہ والدہ کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ کاش میری ماں زندہ ہوتیں، ان کی بے پناہ خواہش تھی کہ میری شادی جلد سے جلد ان کی حیات میں ہو جائے مگر اللہ کو ایسا منظور نہیں تھا اور وہ وفات پا گئیں۔
جمشید دستی نے کہا کہ میں بھی خوشی کے ان لمحات پر بہت یاد کر رہا ہوں میری بھی خواہش تھی کہ کاش وہ مجھے دلہا بنتے دیکھ سکتیں۔
پشاور روانگی سے قبل عوامی راج پارٹی کے سربراہ کا کہنا تھا کہ گدھا ریڑھی پر لیجانے کی خواہش تھی مگر سفر طویل ہونے کے باعث ایسا ممکن نہیں۔
جمشید دستی کا مزید کہنا تھا کہ میں ایک غریب اور متوسط طبقے سے وابستہ ہوں اور غریبوں اور مزدوروں کی نمائندگی کرتا ہوں، مہنگائی بہت ہوگئی ہے، میں اپنا ولیمہ اکتوبر کے مہینے میں کروں گا جو انتہائی سادہ ہوگا اور اس میں صرف دال کھلائی جائیگی۔
یاد رہے کہ جمشید دستی گذشتہ سال رشتہ ازدواج میں منسلک ہوئے تھے، انہوں نے پشاور میں مہمند قبیلے سے تعلق رکھنے والی خاتون سے نکاح کیا تھا، ان کی اہلیہ نے گومل یونیورسٹی سے بائیو کیمسٹری میں بی ایس کیا ہوا ہے۔