اسلام آباد : جہانگیر ترین گروپ کے اہم رکن عون چوہدری کو وزیراعظم کے مشیر سیاحت و کھیل مقرر کردیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق جہانگیر ترین خان گروپ کے اہم رکن عون چوہدری کا قلمدان تبدیل کرتے ہوئے انھیں وزیراعظم کا مشیر سیاحت و کھیل مقرر کردیا۔
صدر عارف علوی نے عون چوہدری کی تقرری کی منظوری وزیر اعظم شہباز کی ایڈوائس پر دی اور اس حوالے سے نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا۔
نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ عون چوہدری کا عہدہ وفاقی وزیر کے برابر ہو گا۔
دوسری جانب نومنتخب وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز نے بھی اتحادی پارٹنر پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) اور جہانگیر ترین گروپ کو صوبائی کابینہ میں شامل کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔
واضح رہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے منحرف رہنما جہانگیر ترین گزشتہ ماہ لندن سے لاہور واپس آئے تھے۔
بعد ازاں وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز نے جہانگیر ترین سے ملاقات کی تھی اور پنجاب اسمبلی میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حمایت پر شکریہ ادا کیا۔