اسلام آباد: ریحام کے الزامات پر عمران خان کے قریبی ساتھی عون چوہدری نے کہا کہ ریحام خان کے جھوٹے الزامات کی حقیقت بیان کرنے کا وقت آگیا ہے ، وہ پیسوں کی بھوکی اورلالچی خاتون تھیں۔
تفصیلات کے مطابق ریحام کے الزامات پر عمران خان کی شادی کے گواہ اور راز دان عون چوہدری اے آر وائی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے برس پڑے اور کہا کہ ریحام خان کےجھوٹے الزامات کی حقیقت بیان کرنےکاوقت آگیا، عمران خان سےشادی کےوقت ریحام کےکرتوتوں سے پردہ اٹھا رہا ہوں۔
عون چوہدری نے انکشافات کرتے ہوئے کہا کہ ریحام خان پیسوں کی بھوکی اورلالچی خاتون تھیں، ان کو علیم خان سےایک کروڑ کی ڈیمانڈ کرتے خود دیکھا ، انھوں نے پارلیمنٹیرین سے فلم کے لیے لاکھوں کا فرنیچر حاصل کیا، وہ فرنیچر آج تک واپس نہیں کیا گیا۔
رہنما پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ ریحام نے اسپتال کو عطیہ کرنے والے بزنس مین سے رقم کا مطالبہ کیا، جب یہ مطالبہ کیا گیا اس وقت میں ریحام کے ساتھ کراچی میں تھا۔
انھوں نے مزید کہا کہ ریحام خان نے کے پی کے معاملات میں بے جا مداخلت کی، کے پی ترقیاتی کاموں کے لئے کک بیکس کا مطالبہ شروع کردیاتھا، سیف سٹی پروجیکٹ کے لیے غیر ملکی کمپنی سے 2ملین کا مطالبہ بھی کیا۔
عون چوہدری کا کہنا تھا کہ غیرمعمولی صورتحال دیکھ کرعمران خان کوواقعات کی اطلاع دی، عمران خان نے ریحام خان کے انتقال دانوں کو بند کرانے کا انتظام کیا۔
واضح رہے کہ عمران خان کی سابق اہلیہ ریحام خان نے اپنی کتاب کے مسودے میں موصولہ اطلاعات کے مطابق کچھ شخصیات کے حوالے سے متنازعہ قسم کے تاثرات درج کیے ہیں جس پر میڈیا میں بھونچال سا آگیا ہے اور ان شخصیات نے ریحام خان کیخلاف قانونی نوٹس بھی ارسال کردیا ہے۔