بھارتی اسپنر اکشر پٹیل نے بنگلادیش کیخلاف میچ میں ہیٹ ٹرک گیند پر روہت شرما کے کیچ چھوڑنے پر خاموشی توڑ دی۔
آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے دوسرے میچ میں بھارتی اسپنر نے دو گیندوں پر بنگلادیشی بیٹرز تنزید حسین اور مشفیق الرحیم کو پویلین کی راہ دکھائی اور تیسری گیند پر سلپ میں کپتان روہت شرما کیچ گیا اور انہوں نے کیچ ڈراپ کردیا اور اکشر پٹیل ہیٹ ٹرک سے محروم ہوگئے۔
روہت شرما نے کیچ ڈراپ ہونے پر خود پر غصہ کیا اور اکشر پٹیل سے ہاتھ جوڑ کر معافی بھی مانگی۔
اب اکشر پٹیل نے کیچ چھوڑنے کے معاملے پر خاموشی توڑ دی ہے۔
انہوں نے کہا کہ روہت شرما سے کوئی ناراضگی نہیں ہے کیچ کسی بھی چھوٹ سکتا ہے یہ کھیل کا حصہ ہے۔
اکشر پٹیل نے کہا کہ میں نے ہیٹ ٹرک کرنے کا سوچ کر جشن منانا شروع کیا تھا لیکن پھر کیچ ڈراپ ہوتا دیکھ کر رُک گیا۔
دوسری جانب جب روہت شرما سے پوچھا گیا کہ اکشر پٹیل کا سامنا کیسے کریں گے جواب میں کپتان نے کہا کہ وہ جمعے کی رات کو اسپنر کو کھانے پر لے جائیں گے۔
بھارتی کپتان نے اعتراف کیا کہ کیچ آسان تھا اسے پکڑسکتا تھا۔