ایران کی جانب سے دہشت گرد ریاست اسرائیل پر حملے کے بعد ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای نے ٹوئٹ کی جو وائرل ہوگئی۔
غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق گزشتہ رات ایران نے اسرائیل پر حملہ کیا اور 400 بیلسٹک میزائل داغ دیئے۔
ایرانی میڈیا کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ ایران نے اسرائیل پر 400 بیلسٹک میزائل اصفہان، تبریز، خرم آباد، کرج اور اراک سے داغے، جس کے بعد مقبوضہ بیت المقدس سمیت اسرائیل بھر میں سائرن بجنے لگے اور افرا تفری کی صورتحال پیدا ہوگئی۔
ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای نے اسرائیل پر حملے کے بعد ٹوئٹ کی جو کہ وائرل ہوگئی۔ انہوں نے اے آئی کی مدد سے بنی میزائلوں کی تصویر پوسٹ کی اس پر ’نصر منَ اللہ و فتح قریب‘ تحریر ہے۔
سپریم لیڈر کی جانب سے ٹوئٹ کئے جانے کے چند منٹ میں سیکڑوں بار اسے ری ٹوئٹ کیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ ایران کے اسرائیل پر میزائل حملوں کے بعد غزہ اور لبنان میں شہریوں کی جانب سے خوب جشن منایا گیا۔
اسرائیل پر ایران کی جانب سے میزائلوں کی بارش کے بعد لبنان کے دارالحکومت بیروت میں آتش بازی کا مظاہرہ کیا گیا، غزہ میں بھی شہری سڑکوں پر نکل آئے اور جشن منایا۔