تہران : ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای کا کہا ہے کہ جو بھی ایران پر صہیونیوں کو سمندر میں پھینکنے کی کوشش کرنے کا الزام لگارہا ہے وہ جھوٹا ہے۔
ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای نے سوشل میڈیو پر جاری بیان میں کہا کہ ’ دنیا میں کچھ لوگ اس وقت جھوٹ بول رہے ہوتے ہیں اور دعویٰ کررہے ہیں کہ ایران کہتا ہے کہ یہودیوں اور صیہونیوں کو سمندر میں پھینک دینا چاہیے۔
ایران کے سپریم لیڈر نے کہا کہ ایران نے کبھی ایسا نہیں کہا بلکہ ہمارا ملک یہ سمجھتا ہے کہ عوام کے ووٹ ہی صہیونیوں کی قسمت کا تعین کرتے ہیں۔
العربیہ کی رپورٹ کے مطابق غزہ میں اسرائیل اور فلسطینی کے درمیان جاری جنگ سے متعلق علی خامنہ ای نے کہا فلسطینی عوام کے ووٹوں سے بننے والی حکومت یہ فیصلہ کرے گی کہ دوسرے ملکوں سے آنے والے یہاں رہیں گے یا چلے جائیں گے۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ ایران کے تین اعلیٰ عہدیداروں نے گزشتہ ہفتے انکشاف کیا تھا کہ علی خامنہ ای نے حماس کے سربراہ اسماعیل ہنیہ کو واضح پیغام دیا اور کہا تھا کہ حماس نے 7 اکتوبر کے حملے کے بارے میں ایران کو مطلع نہیں کیا تھا، اس لیے تہران اس جنگ میں شامل نہیں ہوگا۔
تاہم علی خامنہ ای نے حماس کو اس وقت یقین دلایا تھا کہ ایران اس جنگ میں براہ راست مداخلت کئے بغیر حماس کی سیاسی اور اخلاقی حمایت جاری رکھے گا۔