کراچی: سربراہ قومی عوامی تحریک ایاز لطیف پلیجو نے کہا ہے کہ سی پیک کے دشمنوں کا جو یار ہے وہ غدار ہے، سی پیک کے دشمنوں کا ڈٹ کر مقابلہ کریں گے۔
تفصیلات کے مطابق کراچی میں محبت سندھ ریلی کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے ایاز لطیف پلیجو نے کہا کہ سی پیک پر کوئی سودے بازی نہیں ہوگی، سی پیک کے دشمنوں کے عزائم کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔
انہوں نے کہا کہ پانچ سال پہلے کہا تھا سندھ کو دوسروں کی مرضی سے تباہ کرنا چھوڑ دو، سندھ کو تباہ کرنے کا خواب دیکھنے والے آج خود تباہ ہوگئے، اس صوبے میں رہنے والے لوگوں سے محبت کرو۔
سربراہ قومی عوامی تحریک نے کہا کہ کراچی اور سندھ پر قبضہ کرنے والے سن لیں ہم ان کے آگے نہیں جھکے، کراچی کو کچرے کا ڈھیر بنادیا گیا ہے، 22 مئی کو تم نے ہم پر چھپ کر گولیاں چلائیں، صوبے میں بدعنوانی نہیں چلنے دیں گے۔
ایاز لطیف پلیجو نے کہا کہ سندھ کے لوگوں کو تباہ کردیا گیا ہے، سندھ کے کاشتکاروں کو تباہ کیا جارہا ہے، سندھ میں کرپشن نہیں چلنے دیں گے۔
انہوں نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے دہشت گردی کو ہوا نہیں دی، بدقسمتی سے ملک کے کچھ لوگوں نے اسلام کے نام پر آپ کا ساتھ دیا، ہم دہشت گردی کے خلاف آپ کا ساتھ دیں گے لیکن دھمکیوں سے نہیں۔