پیر, فروری 10, 2025
اشتہار

عمران خان ملک میں انتشار پھیلا رہے ہیں،ایاز صادق

اشتہار

حیرت انگیز

لاہور: اسپیکرقومی اسمبلی ایازصادق نے کہا ہے کہ عمران خان اسلام آباد بند کرنے کی باتیں کر کے ملک میں انتشارپھیلا رہے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق اسپیکر قومی اسمبلی ایازصادق نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اسلام آباد بند کرنے کے لیے کوئی تالہ نہیں مل رہا ہے شاید اسی لیے لندن جا رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ سُنا ہے کہ لندن میں کچھ لوگ اکھٹے ہو رہے ہیں پھر سے کوئی سازش تیار کی جا رہی ہے لیکن جیسے پہلے لندن پلان فیل ہوا تھا اب بھی یہی حال ہو گا،عوام جمہوریت کے خلاف کسی سازش کو قبول نہیں کریں گے۔

اسپیکرقومی اسمبلی کا کہنا تھا کہ احتجاج کرنے والوں نے پیپلز پارٹی اورمسلم لیگ ن کے احتجاج نہیں دیکھے،پیپلزپارٹی نے کوڑے کھائے اور ن لیگ کے لیڈروں نے جیلیں کاٹیں ہیں،اب احتجاج کرنے والوں نے تو وہ دورہی نہیں دیکھا جب جیلوں میں ڈالا جاتا ہے۔

ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ عمران خان نے سیاسی کزن کو منانے کیلئے جہانگیر ترین، چوہدری سروراور شیخ رشید کو ٹاسک دے دیا ہے یہ پٹے ہوئے مہروں کو دوبارہ آزمانا چاہتے ہیں

اقتصادی راہداری کے حوالے سے پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں ایاز صادق کا کہنا تھا کہ لندن میں ملاقات اور سی پیک پر تنقید ساتھ ساتھ چل رہی ہے،اقتصادی راہداری کا جو راستہ پہلے تھا اب بھی وہی ہے۔

ایاز صادق نے مزید کہا کہ پاناما لیکس سمیت تمام آ ف شور کمپنیوں پر تحقیقات کے لیے تیار ہیں تا ہم افسوس ہوا ہے کہ پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں ایک جماعت نہیں آئی ،بھارت اور کشمیر کے معاملے پر سب متحد تھے اور ہیں لیکن ایک جماعت کی غیر موجودگی نے لوگوں کو اچھا پیغام نہیں دیا۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں