لاہور : اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی ملک کی بڑی سیاسی جماعت ہے۔ پیپلز پارٹی کے قائدین اور ورکرز کو لاہور میں خوش آمدید کہتے ہیں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے لاہور میں مسلم لیگ ن کے ورکرز سے خطاب کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، ایاز صادق نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری منتخب ہو کر ایوان میں آئیں، ہم ان سے حلف بھی لیں گے اور خوش آمدید بھی کہیں گے۔
ایاز صادق نے کہا کہ بھارت کا ہر محاذ پر منہ توڑ جواب دیا جا رہا ہے۔ جنگ کسی مسئلے کا حل نہیں۔ مسئلہ کشمیر کا ایشو ہر عالمی محاذ پر اٹھایا جا رہا ہے۔
ایک سوال کے جواب میں اسپیکر قومی اسمبلی نے لاہور میں بسنت منانے کے فیصلے کو خوش آئند قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ قاتل ڈور کے خاتمے اورسیکیورٹی انتظامات کو یقینی بنایا جائے گا۔
سردار ایاز صادق نے کہا کہ وزیراعظم نواز شریف کی جانب سے ڈونلڈ ٹرمپ کو فون کرنا کوئی حیرانگی کی بات نہیں۔ اسے ایشو نہ بنایا جائے۔