لاہور: قومی اسمبلی کے اسپیکر ایاز صادق نے کہا ہے کہ اعلیٰ عدلیہ کے جج کے گھر پر فائرنگ بہت افسوسناک واقعہ ہے، جن لوگوں نے اس حرکت کے ذریعے ڈرانے یا دھمکانے کی کوشش کی انہیں کیفر کردار تک پہنچانا چاہیے۔
لاہور میں خطاب کرتے ہوئے ایاز صادق کا کہنا تھا کہ میرا حلقہ اب 6 حلقوں میں بٹ گیا مگر میرا دل ریلوے کے لوگوں کیساتھ ہے، پاکستان میں بہت سے تجربات ہوئے چاہتا ہوں کہ بروقت اور شفاف الیکشن ہوں۔
اُن کا کہنا تھا کہ سیاست میں جس قسم کی انجینئرنگ ہورہی ہے وہ پاکستان کی بنیادوں کو کھوکھلا کرنے کی سازش ہے، پارٹیاں بدلنےوالے اپنوں کے نہیں ہوسکے وہ کسی اور کے کیا ہوں گے کیونکہ وفاداریاں بدلنے والے جس جماعت سے بھی ہوں ایسے لوگوں کے نام تاریخ میں یاد نہیں رکھےجاتے۔
مزید پڑھیں: سپریم کورٹ کے جج جسٹس اعجاز الاحسن کے گھر پر فائرنگ
ایازصادق کا مزید کہنا تھا کہ نظام کی اپ گریڈیشن سے ریلوے کی کارکردگی بہتر ہوئی اور اب محکمے کی آمدنی 40 سے 45 کروڑ تک پہنچ چکی، مجھ سے زیادہ ریلوے پر کوئی تنقید نہیں کرتا تھا کیونکہ خواہش ہے کہ ادارہ بہتر ہو۔
اُن کا مزید کہنا تھا کہ سرکاری کنٹرول میں رہتے ہوئے بھی اداروں کو بہتر بنایا جاسکتا ہے، ریلوے کا محکمہ اپنے ریٹائرڈملازمین کو خود پنشن دیتا ہے، حکومت کو چاہئے دیگر اداروں کی طرح ریلوے ملازمین کو بھی سرکاری ادارے سے پینشن ادا کرے۔
ایاز صادق کا مزید کہنا تھا کہ محکمہ اسی طرح کام کرتا رہا تو 15سے20 سال میں ہمارا شمار اُن ممالک میں ہوگا جن کا شمار دنیا کے پاس ریلوے کا بہترین نظام موجود ہے۔
واضح رہے سپریم کورٹ کے جج جسٹس اعجاز الاحسن کے گھر پر گذشتہ رات اور آج صبح فائرنگ کے واقعات پیش آئے تھے، رات کو نامعلوم افراد نے اُن کے گھر کے مرکزی دروازے پر فائرنگ کی تھی جبکہ صبح باورچی خانے کی کھڑکی پر گولی فائر کی گئی تھی۔