اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کی منحرف رکن قومی اسمبلی عائشہ گلالئی نے مسلم لیگ (ن) کے سابق رہنماء اور سینیٹر نہال ہاشمی کے خلاف کارروائی کے لیے قانونی درخواست دائر کردی۔
تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ (ن) کے رہنماء نہال ہاشمی کے اڈیالہ جیل سے رہائی کے بعد دیے جانے والے دھکمی آمیز بیانات پر تحریک انصاف کی سابقہ رہنماء نے قانونی درخواست دائر کردی۔
پولیس کو دائر کی گئی درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ نہال ہاشمی نے رہائی کے بعد قومی احتساب بیورو پر جھوٹے الزامات لگائے، انہوں نے ملک اور نیب کی ساکھ کو نقصان پہنچانے کی بھی کوشش کی۔
نواز شریف مکار اور عمران خان سے زیادہ خطرناک ہیں، عائشہ گلالئی
عائشہ گلالئی نے استدعا کی نہال ہاشمی کے خلاف حالیہ بیانات کی روشنی میں سخت کارروائی عمل میں لائی جائے۔واضح رہے کہ عدلیہ مخالف بیانات پر سپریم کورٹ نے نہال ہاشمی کو کل طلب کر رکھا ہے۔
خیال رہے کہ گذشتہ دنوں عائشہ گلالئی نے مسلم لیگ ن پر سنگین الزامات عائد کرتے ہوئے کہا تھا کہ لیگی قیادت نے فوج مخالف بیان دینے کی شرط پر سینیٹ کے ٹکٹ کی پیشکش کی تھی۔
تحریک انصاف کی منحرف رہنماء اس سے قبل بھی مسلم لیگ (ن) کے متعدد سینئر رہنماؤں کے خلاف بیان دے چکی ہیں جن کی زد میں سابق ناااہل وزیر اعظم نواز شریف بھی آچکے ہیں۔
عائشہ گلالئی سیاسی قیادت پر برس پڑیں
واضح رہے کہ عائشہ گلا لئی تحریک انصاف کے ٹکٹ پر ممبر اسمبلی منتخب ہوئی تھیں اور اس سے قبل وہ عمران خان پر نامناسب پیغامات بھیجنے کا الزام بھی لگا چکی ہیں تاہم کئی ماہ گزر جانے کے باوجود انہوں نے اس حوالے کوئی ثبوت یا شواہد پیش نہیں کئے۔
خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔