نوشہرہ: پاکستان تحریک انصاف گلالئی کی چیئرپرسن عائشہ گلالئی نے سابق وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا سے مقابلے کے لیے این اے 26 سے کاغذات نامزدگی حاصل کرلیے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف سے اختلافات کے بعد علیحدگی اختیار کرنے والی عائشہ گلالئی نے سابق وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا کے مقابلے میں این اے 26 سے کاغذات نامزدگی حاصل کرلیے۔
ادھر پیپلزپارٹی کے سابق صوبائی صدر سردار علی خان نے بھی این اے 26 کے لیے کاغذات نامزدگی فارم وصول کرلیے ہیں جبکہ اے این پی کے میاں افتخار حسین نے پی کے 65 کے لیے فارم وصول کرلیے ہیں۔
پاکستان تحریک انصاف کے رہنما پرویز خٹک نے قومی اسمبلی کے حلقے این اے 26 اور صوبائی اسمبلی کے دو حلقوں پی کے 61 اور 64 کے لیے کاغذات نامزدگی وصول کیے ہیں۔
واضح رہے کہ چند روز قبل پاکستان تحریک انصاف گلالئی کی سربراہ عائشہ گلالئی نے پارٹی سے خواجہ سراؤں کو ٹکٹ دینے کا اعلان کیا تھا۔
عائشہ گلالئی کا کہنا تھا کہ پہلے انقلاب فرانس میں آیا تھا اب پاکستان میں آئے گا، ملک کی تینوں بڑی پارٹیوں پر قبضہ مافیا بیٹھا ہے، اقتدار میں آکر ان کے خلاف جنگ کروں گی۔
چیئرمین تحریک انصاف عمران خان پر تنقید کرتے ہوئے عائشہ گلالئی نے کہا کہ پورے پاکستان کا کچرا پی ٹی آئی میں شامل ہوگیا ہے، انہوں نے چار خواجہ سراؤں کو ٹکٹ دیتے ہوئے خود چھ حلقوں سے الیکشن لڑنے کا اعلان کیا ہے۔