اتوار, جولائی 6, 2025
اشتہار

عائشہ گلالئی نے ٹکٹ نہ ملنے پر پی ٹی آئی کو چھوڑا، شیریں مزاری

اشتہار

حیرت انگیز

اسلام آباد : تحریک انصاف کی سابق رہنما عائشہ گلالئی نے پارٹی کیوں چھوڑی وجہ سامنے آگئی۔ انہوں نے قومی اسمبلی کے حلقے این اے ون پشاور سے ٹکٹ مانگا تھا اور جلسے میں تقریر کرنے کا موقع نہ ملنے پر بھی ناراض تھیں۔

تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی کی رکن قومی اسمبلی عائشہ گلالئی کی پارٹی کو خیر باد کہنے کی وجہ سامنے آگئی، پی ٹی آئی رہنما فواد چوہدری نے ان کے پارٹی چوڑنے کو مسلم لیگ ن کی مہم قرار دیا ہے۔

پی ٹی آئی ذرائع کا کہنا ہے کہ عائشہ گلالئی نے عمران خان سے این اے ون پشاور سے ٹکٹ کا مطالبہ کیا تھا، عمران خان نے ٹکٹس کی تقسیم کا معاملہ پارلیمنٹری بورڈ سے مشروط قرار دیا۔

عمران خان نے کہا کہ بورڈ کی سفارش سے پہلے ٹکٹ کا وعدہ نہیں کرسکتے، اس کے علاوہ اسلام آباد جلسے میں عائشہ گلالئی کو تقریر کا موقع کا نہ ملنا بھی ناراضگی کا باعث بنا۔

عائشہ نے شکوہ کیا کہ جلسے میں مراد سعید سے تقریر کروائی گئی مگر انہیں موقع نہیں دیا گیا، بعد ازاں عمران خان سے ملاقات کے بعد عائشہ گلالئی نے پارٹی چھوڑنے کا اعلان کردیا۔

عائشہ گلالئی نے ایسی بات کہہ کر دیگر خواتین کی توہین کی، شیریں مزاری

علاوہ ازیں اسلام آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے پی ٹی آئی کی مرکزی رہنما شیریں مزاری کا کہنا تھا کہ عائشہ گلالئی عمران خان پر غلط الزامات لگارہی ہیں، ان کو اس بات کا احساس نہیں، جب وہ ن لیگ میں جائیں گی تو ان کو پھر پتہ چلے گا کہ نوازلیگ خواتین کو کونسی عزت دیتی ہے؟

عائشہ گلالئی کو پی ٹی آئی سے کچھ نہیں ملا تو عمران خان پر ہی الزام لگادیئے، ایسی بات کہہ کر عائشہ گلالئی نے پارٹی کی دیگر خواتین کی توہین کی ہے، پارٹی چھوڑنا ان کی مرضی ہے، وہ بے شک چلی جائیں لیکن پارٹی کی دیگرخواتین کی توہین نہ کریں۔


 مزید پڑھیں: خواتین کی عزت نہیں اس لئے پی ٹی آئی چھوڑ دی،عائشہ گلالئی


انہوں نے کہا کہ میں واحد خاتون ہوں جو پارلیمنٹ میں کسی پارٹی کی چیف وہپ ہوں، جتنی عزت مجھے پی ٹی آئی سے ملی اور کسی جماعت سے نہیں ملی۔

پی ٹی آئی کی کورکمیٹی میں اور بھی خواتین شامل ہیں ان کو تو کسی قسم کی کوئی شکایت نہیں، عزت آپ کو اس وقت ملتی ہے جب آپ کارویہ ٹھیک ہو۔

شیریں مزاری نے کہا کہ ٹکٹس کی ابھی بات ہی شروع نہیں ہوئی تو عائشہ گلالئی کیسے مانگ رہی ہیں؟ انہوں نے کہا کہ عائشہ گلالئی پارلیمان میں نہیں آتی تھیں یہ ریکارڈ پرموجود ہے اور بھی بہت کچھ معلوم ہے لیکن پارٹی چھوڑنے والوں پر گند نہیں اچھالنا چاہتے۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں