کراچی: پاکستانی شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ عائشہ عمر کا کہنا ہے کہ میری طاقت مجھے والدہ سے ملتی ہے کیونکہ والد کے انتقال کے بعد والدہ نے ہی میری پرورش کی۔
شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ عائشہ عمر نے ایک ویب شو میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ابو کا نتقال اس وقت ہوا جب میں صرف دو سال کی تھی اس کے بعد ہم کراچی سے لاہور شفٹ ہوگئے، کراچی میں پیدا ہوئی اور لاہور میں پرورش پائی، والد کے انتقال کے بعد والدہ نے بہت مشکلات کا سامنا کیا۔
عائشہ عمر نے بتایا کہ گھر کے ساتھ ساتھ والدہ اکیلے ہی باہر کے معاملات بھی ادا کرنے میں کامیاب رہیں، والدہ مالی معاملات سمیت ہر چیز خود دیکھا کرتی تھیں۔
اداکارہ نے بتایا کہ والدہ نے والد کے انتقال کے بعد سے لے کر آج تک گھر یلو ملازم کی مدد نہیں ملی اور آج تک والدہ کے لاہور میں واقع گھر میں کوئی ملازم موجود نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ والدہ بہت سخت تھیں، انہوں نے اسکول لائف تک کبھی انہیں دوستوں کے ساتھ باہر جانے نہیں دیا، وہ شروع سے ہی بچوں کے حوالے سے کافی فکر مند تھیں کیونکہ انہوں نے والد کے انتقال کے بعد بچوں کی پرورش تنہا کی، اس دوران انہیں کبھی کسی کا تعاون حاصل نہیں ہوسکا۔
عائشہ عمر کے مطابق والد کے انتقال کے بعد والدہ ایک بہت بڑے صدمے سے دوچار تھیں اور وہ اپنے حق کے لیے لڑ بھی نہیں سکتی تھیں کیونکہ وہ جانتی ہی نہیں تھیں کہ انہیں اپنے حق کے لیے کیا کرنا چاہئے۔