ممبئی: بالی وڈ سے دوری اختیار کرنے والی اداکارہ عائشہ ٹاکیہ نے اپنا انسٹاگرام اکاؤنٹ فعال کرتے ہوئے تنقید کرنے والوں کو کرارا جواب دے دیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق پچھلے چند دنوں سے عائشہ ٹاکیہ کی انسٹاگرام پر تصاویر اور ویڈیوز پر صارفین کی جانب سے خوب تنقید کی گئی تھی جس کے بعد اداکارہ نے گزشتہ روز اپنا اکاؤنٹ غیر فعال کر دیا تھا۔
تاہم 24 گھنٹے گزرنے کے بعد وہ انسٹاگرام پر دوبارہ واپس آگئیں اور اُن لوگوں کیلیے پیغام جاری کیا جو ان کے نئے لُک تنقید کر رہے تھے۔
عائشہ ٹاکیہ نے انسٹاگرام اسٹوری پر کسی کا نام لیے بغیر لکھا کہ ’کیا آپ نے دیکھا کہ میں نے کیسے جواب نہیں دیا؟ بہت ذہین، بہت پیارا اور بہت حوصلے والے‘۔
عائشہ ٹاکیہ نے فلم ’ٹارزن‘ سے بالی وڈ میں قدم رکھا تھا تاہم انہیں سُپر اسٹار سلمان خان کے ساتھ فلم ’وانٹڈ‘ میں جلوہ گر ہونے سے شہرت ملی۔
طویل عرصے سے اسکرین سے غائب ہونے کے باوجود وہ سوشل میڈیا پر اپنے مداحوں سے جڑی ہوئی ہیں۔
View this post on Instagram
بالی وڈ اداکارہ کئی مشہور فلموں میں نظر آ چکی ہیں جن میں ٹارزن، دل مانگے مور، سوچا نہ تھا، شادی نمبر 1، دور اور پاٹھ شالہ شامل ہیں۔ مداحوں نے ہمیشہ ان کی خوبصورتی اور اداکاری کی تعریف کی لیکن وہ فلم انڈسٹری سے اچانک غائب ہو گئیں۔
رپورٹس کے مطابق عائشہ ٹاکیہ نے شادی کے بعد اسکرین سے دوری اختیار کی۔ انہوں نے 2009 میں کاروباری شخصیت فرحان اعظمی شادی کی۔