کراچی: اے آر وائی ڈیجیٹل کے شہرہ آفاق ڈرامے ’میرے پاس تم ہو‘ میں مہوش کا کردار ادا کرنے والی پاکستانی اداکارہ عائزہ خان نے کردار ادا کرنے کی وجہ خود ہی بیان کردی۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ انسٹاگرام پر عائزہ خان نے ڈرامے کے حوالے سے ایک تفصیلی پوسٹ شیئر کی جس میں انہوں نے اپنے جذبات کا کھل کر اظہار کیا اور مہوش کا کردار ادا کرنے کی وجہ بھی بیان کی۔
عائزہ نے لکھا کہ ’مہوش ایک ایسا کردار جو شاید کوئی نہیں کرنا چاہتا تھا کیونکہ ہیروئن کبھی بری نہیں ہوسکتی، وہ ایک ایسی لڑکی نہیں ہوسکتی جس سے لوگ نفرت کریں، ہیروئن ہمیشہ بہت معصوم ہوگی، روئے گی، چیخے گی، تڑپے گی، بے بس ہوگی، معاف کردینے والی ہوگی، کچھ بھی کرے گی پر کبھی بے وفائی نہیں کرے گی، ہیروئن ایک ایسی لڑکی نہیں ہوسکتی جو دوسری لڑکیوں کو یہ بتا دے کہ محبت میں بے وفائی نہیں ہوتی اور جہاں بے وفائی ہو وہاں محبت نہیں ہوتی‘۔
مزید پڑھیں: ڈرامے’میرے پاس تم ہو’ کی کامیابی کے بعد خلیل الرحمان کا مداحوں کیلئے بڑا اعلان
عائزہ خان نے لکھا کہ ’کسی کی زندگی مکمل نہیں ہوتی، کبھی لگتا ہے پیسے کم نہیں پڑیں گے پر کبھی احساس ہوتا ہے کہ پیسے ختم ہوگئے تو کیا کریں گے؟، کبھی سوچتے ہیں ماں باپ تو ہمیشہ ساتھ رہیں گے، جب وہ نظر نہیں آتے تو یاد کرتے ہیں، کبھی لگتا ہے رشتوں میں محبت نہیں رہی پر وہ ہی لوگ تکلیف میں ہاتھ نہیں چھوڑتے‘۔
’ایک ماں بن کر جب سوچو تو زندگی کو روز جینے کا دل کرتا ہے، روز بچوں کے لیے کچھ کرنے کا دل کرتا ہے‘۔
میرے پاس تم ہو کی مہوش نے لکھا کہ ’بے وفائی شوہر سے ہوتی ہے پر دل بچوں کا ٹوٹ جاتا ہے کیونکہ مردتو نکاح کر کے شوہر بن جائے گا پر وہ کبھی بچوں کا باپ نہیں بن پائے گا‘۔
یہ بھی پڑھیں: میرے پاس تم ہو: اک شخص پورے پاکستان کو افسردہ کر گیا
عائزہ خان نے لکھا کہ ’مہوش بننے کا مقصد صرف یہی تھا کہ جب شوہر بے وفائی کرتا ہے تو بیوی کو بھی اسی تکلیف کا سامنا کرنا پڑتا ہے، یہ حقیقت میں بے وفا بیوی نہیں بلکہ ایک ماں کی کہانی تھی‘۔
اداکارہ نے لکھا کہ ’شاید میرے پاس تم ہو میرے کی کہانی مجھے ہمیشہ ایک عورت کی وجہ سے یاد رہے گی، جس نے اولاد کا دل دکھایا کیونکہ ماں باپ ہمیشہ بچوں کے لیے آئینہ ہوتے ہیں، چاہیے محبت ہو نفرت یا ظلم، جو بچے سیکھیں گے وہی کریں گے‘۔