راولپنڈی : کرنسی اسمگلنگ کیس میں ملوّث معروف ماڈل ایان علی پر فرد جرم تاحال عائد نہ ہوسکی ۔
تفصیلات کے مطابق ماڈل ایان علی صبح سویر ے راولپنڈی کی بینکنگ کورٹ میں کیس کی سماعت کیلئے پیش ہوئیں۔
کیس کی سماعت جج صابرسلطان نے کی ۔سماعت کے دوران ملزمہ ایان علی کو عدالت میں حاضری کیلئے باقاعدہ پکارا گیا جس پر وہ جج کے روبرو پیش ہوئیں۔
حسب روایت ماڈل گرل کیخلاف آج بھی فرد جرم عائد نہ ہوسکی، کیس میں کچھ پیش رفت نہ ہوئی اور سماعت آٹھ اکتوبرتک ملتوی کردی گئی۔
وکلا کا کہنا ہے کہ اگلی سماعت پر فردِ جرم کا معاملہ مکمل ہوجائے گا۔ پیشی کے موقع پر پہلے کی طرح ایان علی کا انداز جداگانہ تھا۔
مغربی انداز کو چھوڑ کر ایان علی نے دیسی انداز اپنایا۔ کسٹم عدالت میں پیشی پر ایان علی مشرقی انداز میں نظرآئیں۔
آنکھوں پر کالا چشمہ اور سندھی اجرک کےساتھ ایان علی نے عدالت میں انٹری دی۔ اس موقع پر سخت حفاظتی انتظامات کئے گئے تھے۔