راولپنڈی: کرنسی اسمگلنگ کیس میں ماڈل ایان علی پر آج بھی فردِ جرم عائد نہ ہوسکی۔
تفصیلات کے مطابق راولپنڈی کے کسٹم عدالت کے جج رانا آفتاب احمد نے ایان علی کیخلاف کرنسی سمگلنگ کیس کی سماعت کی، ایان علی اپنے وکلاء کے ہمراہ عدالت میں پیش ہوئی، کسٹم حکام نے بتایا کہ ہائیکورٹ میں معاملہ زیرسماعت ہونے کی وجہ سے چالان تیار نہیں کیا۔
عدالت کے روبرو پراسیکیوٹر امین فیروز نے اس کیس میں پراپرٹی ڈیلر ممتاز اور اویس کو ملزم قرار دیئے جانے سے متعلق انوسٹی گیشن رپورٹ پڑھ کر سنائی، ایان علی کے وکیل نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ کسٹم حکام نے گواہوں کو بھی ملزم بنا دیا ہے، ایان علی نے چالان میں ردوبدل کو ہائیکورٹ میں چیلنج کر رکھا ہے، ہائی کورٹ کے فیصلے تک فرد جرم عائد نہیں کی جا سکتی۔
عدالت نے تفتیشی افسر کو ہدایت کی کہ دونوں ملزمان کو گرفتار کر کے انہیں بھی چالان میں شامل کیا جائے جس کے بعد سماعت چار ستمبر تک ملتوی کر دی گئی۔