اسلام آباد: صدر آزاد کشمیر مسعود خان نے کہا ہے کہ آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان پاکستان کا دفاعی حصار ہے۔
تفصیلات کے مطابق صدر آزاد کشمیر مسعود خان نے یوم الحاق پاکستان کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان پاکستان کا دفاعی حصار ہے۔
انہوں نے کہا کہ 7 دہائیوں میں 5 لاکھ سے زائدکشمیری شہید ہوچکے ہیں،نہتے کشمیری 12 لاکھ بھارتی فوج کا دلیری سے مقابلہ کر رہے ہیں، غیر مسلح کشمیری پاکستان کے لیے لڑ رہے ہیں۔
مسعود خان کا کہنا تھا کہ 19 جولائی 1947 کو کشمیریوں نے الحاق پاکستان کا اعلان کیا،کشمیریوں نے قرار الحاق پاکستان کے لیے جانوں کی قربانیاں پیش کیں۔
صدر آزاد کشمیر نے کہا کہ اہل کشمیر دنیاکی بہادر ترین قوم ہے،تاریخ گواہ ہے کشمیری کبھی ہتھیار نہیں ڈالیں گے۔
تقریب سے خطاب کے دوران مسعود خان کا کہنا تھا کہ مسئلہ کشمیر پر پاکستانی قوم متحداور متفق ہے،کشمیر کے معاملے پر کوئی طاقت پاکستانیوں میں دراڑ نہیں ڈال سکتی۔
سردار مسعود خان کا کہنا تھا کہ کشمیریوں کے ایک ہاتھ میں پاکستان دوسرے میں کشمیر کا پرچم ہے۔