مظفرآباد: آزاد کشمیر حکومت نے کرونا کے باعث 5 ماہ سے بند سیاحتی مقامات کو کھول دیا۔
تفصیلات کے مطابق آزاد کشمیر کی حکومت نے کرونا کے باعث 5 ماہ سے بند سیاحتی مقامات کو کھول دیا۔ آزاد کشمیر میں ایس او پیز کے تحت سیاحوں کو آنے کی اجازت مل گئی۔
سیکریٹری سیاحت کا کہنا ہے کہ پہلے مرحلےمیں فیملیز،گروپ کی صورت میں آنے والے سیاحوں کو اجازت دی گئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ سیاحوں کی آمدکا سلسلہ شروع ہوتے ہی سیاحتی مقامات کی رونقیں بڑھ گئیں، سیاحوں کےتحفظ،احتیاطی تدابیر سے متعلق شعور اجاگر کرنے کے لیے ٹورزم پولیس متحرک ہے۔
مدحت شہزاد کا کہنا تھا کہ آزاد کشمیر میں آنے والے سیاح ہمارے مہمان ہیں، آزاد کشمیر حکومت سیاحوں کو بہتر سہولتیں فراہم کرے گی۔
دوسری جانب ڈی جی سیاحت ارشاد پیرزادہ کا کہنا ہے کہ آزاد کشمیر آنے والے سیاح ایس او پیز اور صفائی کا خیال رکھیں۔
واضح رہے کہ کرونا کیسز میں کمی کے بعد گزشتہ دنوں وفاقی حکومت نے پارکس، تفریحی مقامات، سینما، پبلک پارکس، جم، ہوٹل اور ریسٹورنٹس کھولنے کا اعلان کیا تھا۔