میرپور: احتساب بیورو آزاد کشمیر نے محکمہ صحت میں آزاد موٹرز میرپور سے گاڑیوں کی خریداری میں کروڑوں کی کرپشن پر تحقیقات شروع کر دی ہیں۔
تفصیلات کے مطابق آزاد کشمیر احتساب بیورو نے محکمہ صحت میں 24 گاڑیوں کی خریداری کے معاملے پر تحقیقات شروع کی ہیں، اس سلسلے میں کمپنی کو نوٹس بھی جاری کر دیا گیا ہے۔
نوٹس کے مطابق کمپنی نے محکمہ صحت کو فراہم کی گئی گاڑیوں کا بل جاری کیے بغیر گاڑیاں فراہم کیں، تحقیقات میں انکشاف ہوا ہے کہ آزاد موٹرز میرپور نے محکمہ صحت کو اپ ماڈل گاڑیوں کی قیمت وصول کر کے ڈاؤن ماڈل گاڑیاں فراہم کیں۔
قیمتی معدنیات کے شعبے میں مفادات کا فروغ، سینیئر امریکی عہدے دار پاکستان کے دورے پر آئیں گے
محکمہ صحت کو دی گئی گاڑیوں کا ریکارڈ کمپنی کی ویب سائٹ پر بھی موجود نہیں ہے، محکمہ صحت کو دی گئی گاڑیوں کے ٹیکس کا ریکارڈ بھی موجود نہیں ہے۔
احتساب بیورو نے نوٹس میں استفسار کیا ہے کہ کمپنی نے 2023 ماڈل کی گاڑیاں کیوں فراہم نہیں کیں؟ کمپنی 10 دنوں کے اندر نوٹس کا جواب دے۔ نوٹس کے مطابق گاڑیوں کی قیمت کم ہونے کے باوجود محکمہ صحت کو مہنگے داموں گاڑیاں فروخت کی گئی ہیں، اور اپ ماڈل گاڑیوں کی قیمت ادا کر کے ڈاؤن ماڈل گاڑیاں لی گئیں۔