اسلام آباد : پی ٹی آئی رہنماؤں نعیم الحق، عامر محمود کیانی نے چوہدری شجاعت اور پرویزالٰہی سے خصوصی ملاقات کی، اس موقع پر ملکی سیاسی صورتحال اور آزادی مارچ سے متعلق گفتگو کی گئی۔
تفصیلات کے مطابق آزادی مارچ سے قبل حکومتی شخصیات کے رابطوں میں تیزی آگئی ہے، اس سلسلے میں وزیر اعظم عمران خان کی ہدایت پر نعیم الحق اور عامر محمود کیانی نے چوہدری شجاعت اور پرویزالٰہی سے خصوصی ملاقات کی۔
ملاقات میں ملکی سیاسی صورتحال، آزادی مارچ، مذاکراتی عمل پر تبادلہ خیال کیا گیا اور فضل الرحمان کی چوہدری برادران سے ہونے والی ملاقات پر گفتگو اور پنجاب اور وفاقی حکومت کے امور پر مشاورت کی گئی۔
اس کے علاوہ چوہدری برادران سے ملاقات میں پنجاب اور وفاقی حکومت کے امور پر بھی مشاورت کی گئی، ملاقات کے دوران صوبہ پنجاب میں گورننس پر بھی بات چیت ہوئی۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے چوہدری پرویزالٰہی نے کہا کہ اپوزیشن جماعتوں سے مذاکرات سنجیدگی سے جاری ہیں، مذاکرات میں ابھی تک کسی نتیجے پر نہیں پہنچے، حکومتی اور اپوزیشن کمیٹیاں مذاکرات میں کامیابی کی کوشش کررہی ہیں۔
چوہدری شجاعت کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان علاج کیلئے نوازشریف کو باہر جانے کی اجازت دیں کیونکہ نوازشریف پر ملک دشمنی کے نہیں بلکہ بدعنوانی کے الزامات ہیں۔
وزیر اعظم کے معاون خصوصی نعیم الحق نے کہا کہ وفاقی حکومت پنجاب میں گڈ گورننس کیلئے بھرپور معاونت جاری رکھے گی، حکومت اپنے اتحادیوں کے مشوروں کی قدر کرتی ہے۔
عامرمحمودکیانی کا کہنا تھا کہ چوہدری برادران کا ملکی سیاست میں اہم کردار ہے، چوہدری برادران کے تجربے سےاستفادہ چاہتے ہیں۔