اتوار, مارچ 23, 2025
اشتہار

سائفر کیس میں اعظم خان کا اہم تحریری بیان سامنے آگیا

اشتہار

حیرت انگیز

اسلام آباد: سابق وزیر اعظم و چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے خلاف سائفر کیس میں مرکزی گواہ اعظم خان کا تحریری بیان سامنے آگیا۔

سابق وزیر اعظم کے سابق پرنسپل سیکریٹری اعظم خان نے تحریری بیان میں بتایا کہ چیئرمین پی ٹی آئی نے فوج کے خلاف ٹارگٹڈ پلان کیا، انہوں نے سیاسی مقاصد اور تحریک عدم اعتماد میں بچنے کیلیے پلان بنایا۔

اعظم خان نے بتایا کہ سائفر سے متعلق قومی اسمبلی کے اسپیکر نے رولنگ انہی کی ہدایت پر دی تھی، سائفر جس چینل سے آتا ہے اسی چینل سے واپس بھیجا جاتا ہے۔

’8 مارچ کو سائفر سے متعلق فارن سیکرٹری کا ٹیلی فون آیا۔ ٹیلیفون پر اس کی کاپی وزیر اعظم آفس کو بھجوانے سے متعلق بتایا گیا۔ فارن سیکریٹری نے کہا کہ 9 مارچ کو اس کی کاپی وزیر اعظم کے حوالے کریں۔‘

مرکزی گواہ کے مطابق چیئرمین پی ٹی آئی نے 9 مارچ کو سائفر پر رائے دی، وائس چیئرمین پی ٹی آئی شاہ محمود قریشی اس معاملے پر چیئرمین پی ٹی آئی کو پہلے ہی آگاہ کر چکے تھے۔

تحریری جواب میں اعظم خان نے بتایا کہ سابق وزیر اعظم نے اس معاملے پر اداروں کے خلاف مؤثر بیانہ بنانے کو کہا تھا۔

اڈیالہ جیل میں قید سابق وزیر اعظم نے اپنے خلاف سائفر کیس خارج کرنے استدعا کر رکھی ہے۔ آرٹیکل 248 کے تحت استثنیٰ کی وجہ سے اسلام آباد ہائی کورٹ میں کیس خارج کرنے کی استدعا کی گئی۔ درخواست گزار نے مؤقف اختیار کیا کہ آفیشل سیکرٹ ایکٹ سیکشن 5 کا اطلاق نہ ہونے پر کیس خارج کیا جائے۔

چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ نے چیئرمین پی ٹی آئی کی درخواست پر دو صفحات پر مشتمل تحریری حکم جاری کر دیا جس کے مطابق عدالت کو بتایا گیا آفیشل سیکرٹ ایکٹ کی سیکشن 5 کا اطلاق نہیں ہوتا۔

حکم نامے میں کہا گیا کہ سابق وزیر اعظم کو آرٹیکل 248 کے تحت استثنیٰ حاصل ہے، انہوں نے سائفر کیس کا ٹرائل روکنے کی بھی استدعا کی۔

چیئرمین پی ٹی آئی کی درخواست پر وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) کو 16 اکتوبر کیلیے نوٹس جاری کیا گیا۔ عدالت نے کہا کہ مقدمہ اخراج اور ٹرائل روکنے کی درخواست پر سماعت 16 اکتوبر کو ہوگی۔

چند روز قبل چیئرمین پی ٹی آئی نے سائفر کیس میں فرد جرم عائد کرنے کا حکم چیلنج کیا تھا جس میں 9 اکتوبر کے ٹرائل کورٹ حکم کو کالعدم قرار دینے کی استدعا کی گئی۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں