لاہور: میجر ریٹائرڈ اعظم سلیمان نے محتسب پنجاب کا حلف اٹھا لیا، انہیں 4 سال کے لیے صوبائی محتسب مقرر کیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق گورنر ہاؤس لاہور میں گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے صوبائی محتسب میجر ریٹائرڈ اعظم سلیمان سے حلف لیا۔اعظم سلیمان نے عہدے کا حلف اٹھانے کے بعد صوبائی محتسب دفتر میں زیر التوا انکوائریز جلد نمٹانے کی ہدایت کر دی۔
خیال رہے کہ 6 روز قبل پنجاب کابینہ نے میجر ریٹائرڈ اعظم سلیمان کو صوبائی محتسب بنانے کی منظوری دی تھی۔
اعظم سلیمان گزشتہ ماہ وفاقی سیکریٹری داخلہ کے عہدے سے ریٹائر ہوئے ہیں۔اس سے قبل وہ سندھ اور پنجاب کے چیف سیکریٹری کے عہدے پر بھی فائز رہ چکے ہیں۔