اسلام آباد : پاکستان تحریک انصاف کے سینیٹر اعظم سواتی کو بلوچستان پولیس کے حوالے کر دیا گیا، اعظم سواتی کے خلاف بلوچستان کے مختلف اضلاع میں مقدمات درج ہیں۔
تفصیلات کے مطابق متنازعہ ٹویٹس کے معاملے پر پاکستان تحریک انصاف کے سینیٹر اعظم سواتی کو بلوچستان پولیس کے حوالے کر دیا گیا۔
ذرائع نے بتایا کہ اعظم سواتی کی گرفتاری بلوچستان پولیس کی جانب سے کی گئی، پولیس اعظم سواتی کو لیکر کوئٹہ روانہ ہوگئی ، جہاں اعظم سواتی کو کچلاک جیل میں رکھا جائے گا۔
بلوچستان پولیس نے اعظم سواتی کو گرفتار کرنے کی درخواست کی تھی، اعظم سواتی کے خلاف بلوچستان کے مختلف اضلاع میں مقدمات درج ہیں۔
یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ سواتی کو دارالحکومت کی ایک عدالت سے بعد از گرفتاری ضمانت کے بعد ایک ماہ کے دوران اسی کیس میں دوسری مرتبہ گرفتار کیا گیا تھا۔
دوسری جانب اسلام آباد ہائی کورٹ نے اعظم سواتی کی ملک بھر میں درج مقدمات کی تفصیل کے حصول کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کرلیا۔
چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ ہم کسی صوبے کو ڈائریکشن نہیں دے سکتے، وزارت داخلہ سے کیسز کی تفصیل مانگ رہے ہیں۔۔ پوچھا تھا کہ کون سے قانون کے تحت ایسا کر سکتے ہیں۔