اسلام آباد: سینیٹر اعظم سواتی کی بیٹی فرحانہ سواتی نے دعویٰ کیا ہے کہ ان کے والد کو ایف آئی اے نے حراست میں لے لیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق فرحانہ سواتی نے کہا ہے کہ ان کے والد اعظم سواتی کو اسلام آباد سے ایف آئی اے نے حراست میں لے لیا، رات گئے گھر سے اعظم سواتی کو ایف آئی اے نے حراست میں لیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ سینیٹر اعظم سواتی کو متنازع ٹوئٹ کرنے پر ایف آئی اے کے سائبر کرایم سیل نے حراست میں لیا ہے۔ بیٹی فرحانہ سواتی نے والد کی گرفتاری پر رد عمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ اپوزیشن کی آواز کو ان ہتھکنڈوں سے دبایا نہیں جا سکتا۔
ایف آئی اے کا کہنا ہے کہ اعظم سواتی ایف آئی اے کو کسی کیس میں مطلوب نہیں ہیں، نہ وہ ممنوعہ فنڈنگ کیس میں شامل ہیں۔
اعظم سواتی کی گرفتاری پر پی ٹی آئی کے وکیل علی بخاری ڈیوٹی جج جوڈیشل مجسٹریٹ شعیب اختر کی عدالت میں پہنچ گئے، اعظم سواتی کی جانب سے علی بخاری عدالت میں پیش ہوئے تو جج نے استفسار کیا کہ آپ کیوں پیش ہو رہے ہیں؟
وکیل علی بخاری نے کہا اعظم سواتی کو ایف آئی اے نے گرفتار کیا ہے، مجسٹریٹ عمر شبیر چھٹی پر ہیں یہاں پیش کیا جائے گا، جج نے وکیل کو ہدایت کی کہ ابھی تک پیش نہیں کیا گیا، جب اعظم سواتی پیش ہوئے تو آپ کو آگاہ کر دیں گے۔