اسلام آباد : ڈسٹرکٹ سیشن عدالت نے اعظم سواتی کو 14 روز کے لیے جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا۔
پیر کے روز ایف آئی اے کی جانب سے 14 دن ریمانڈ کی استدعا کی گئی تھی، تاہم مجسٹریٹ نے صرف ایک دن کا ریمانڈ منظور کیا تھا۔
وکیل بابر اعوان نے عدالت میں کہا کہ ایف آئی اے نے مزید 3 دن کے جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی ہے، اعظم سواتی کے مزید جسمانی ریمانڈ کی استدعا مسترد کی جائے۔
انھوں نے کہا ابھی تک یہی استدعا ہے کہ موبائل برآمد کرنا ہے، جب کہ 40 آرٹیکلز ایف آئی اے برآمد کر چکی ہے۔ سماعت مکمل ہونے پر عدالت نے اعظم سواتی کو چودہ دن کے جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا۔
یاد رہے کہ گزشتہ ہفتے بدھ اور جمعرات کی درمیانی شب ایف آئی اے کے سائبر ونگ نے اعظم سواتی کو اسلام آباد میں ان کی رہائش گاہ سے گرفتار کیا تھا۔
عدالت پیشی کے وقت سینیٹر اعظم سواتی نے کہا تھا کہ ان کو ایک ٹوئٹ کرنے اور ایک نام لینے پر گرفتار کیا گیا۔