قازقستان کے شہر اکٹو کے ہوائی اڈے کے قریب گزشتہ روز تباہ ہونے والے آذر بائیجان کے مسافر طیارے کا بلیک باکس مل گیا ہے۔
بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق آذر بائیجان کی تحقیقاتی ٹیم قازقستان میں طیارہ گرنے کی تحقیقات کر رہی ہے۔
معاملے کا جائزہ لینے والے آذربائیجان کے پراسیکیوٹر جنرل کے مطابق اس وقت طیارہ گرنے کے تحقیقاتی نتائج ظاہر نہیں کر سکتے، طیارہ گرنے کی تمام ممکنہ وجوہات کا جائرہ لے رہے ہیں۔
اس سے قبل مسافر طیارے کے گر کر تباہ ہونے سے پہلے اندر کی ویڈیو سامنے آ گئی ہے، بدقسمت طیارے میں عملے سمیت 67 افراد سوار تھے، طیارہ باکو سے گروزنی چیچنیا کی طرف محو پرواز تھا۔
رپورٹس کے مطابق طیارہ مبینہ طور پر میزائل حملے کا نشانہ بنا ہے، روسی یا چیچن فورس کے چلائے گئے میزائل کے فضا میں پھٹنے کے باعث اس کے ٹکڑے مسافر طیارے کے پچھلے حصے پر لگے ہیں۔
تباہی سے قبل کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہیں، جن میں نہ صرف طیارے کے اندر بالکل باہر سے تباہی کے مناظر بھی ریکارڈ ہوئے ہیں، مسافر طیارہ گرنے سے قبل کی ویڈیو میں مسافر آخری لمحات میں کلمہ پڑھتے نظر آ رہے ہیں۔
روسی میڈیا کے مطابق طیارے کے اندر کی ویڈیو ایک مسافر نے بنائی تھی جو اس نے اپنی بیوی کو اس وقت بھیجی جب اسے پتا چل گیا کہ طیارہ اب گرنے والا ہے۔
آذر بائیجان طیارہ حادثہ، میزائل حملے کا انکشاف
طیارے میں لوگ دعائیں مانگ رہے ہیں، جب کہ آکسیجن ماسک باہر نکل کر لٹکتے نظر آ رہے ہیں، طیارہ تباہ ہونے کے بعد کے اندرونی مناظر بھی دل دہلاتے ہیں، جب زخمی مسافر درد سے کراہتے اور مدد طلب کرتے ہیں۔