اسلام آباد: آذر بائیجان کے صدر الہام علی یوف اسلام آباد پہنچ گئے۔ ایئرپورٹ پر انہیں 21 توپوں کی سلامی پیش کی گئی۔ اس موقع پر دونوں ممالک کے قومی ترانے بجائے گئے۔
تفصیلات کےمطابق آذر بائیجان کے صدر الہام علی یوف اسلام آباد پہنچ گئے۔ صدر الہام علی یوف اقتصادی تعاون تنظیم کے اجلاس میں شرکت کریں گے جو کل منعقد کی جائے گی۔
دارالحکومت آمد پر آذر بائیجان کے صدر کا پرتپاک استقبال کیا گیا۔ صدر الہام علی یوف کو 21 توپوں کی سلامی دی گئی اور دونوں ممالک کے قومی ترانے بجائے گئے۔ وزیر دفاعی پیداوار رانا تنویر حسین نے معزز مہمان کا استقبال کیا۔
اقتصادی تعاون تنظیم کے اجلاس میں شرکت کے لیے معزز مہمانوں کی آمد کا سلسلہ جاری ہے۔ تاجکستان اور ایران کے صدور آج شام جبکہ ترک صدر اور کرغزستان کے وزیر اعظم آج رات پاکستان پہنچ رہے ہیں۔
قازقستان کے وزیر اعظم اور ترکمانستان کے صدر کی آمد کل ہوگی۔
آج صبح ایرانی وزیر خارجہ جواد ظریف اجلاس میں شرکت کے لیے اسلام آباد پہنچ چکے ہیں۔