باکو: آرمینیا اور آذربائیجان کے درمیان جھڑپ کے دوران آرمینیا کی پسپائی پر خاتون اینکر خوشی سے آبدیدہ ہوگئیں جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔
غیرملکی خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق آرمینیا اور آذربائیجان کے درمیان جھڑپوں کے آغاز میں آذربائیجان کے وزارت دفاع نے متنازع علاقے میں 6 دیہاتوں کو آرمینی قبضے سے چھڑانے کا اعلان کیا تو خاتون اینکر یہ پڑھتے ہوئے خوشی سے آبدیدہ ہوگئیں۔
سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ آذربائیجان کی خاتون اینکر مقبوضہ علاقوں کو آرمینیا سے چھڑانے کی خبر پڑھ کر سنارہی ہیں۔
خبر پڑھنے کے دوران خاتون اینکر کی آنکھوں میں خوشی سے آنسو آگئے اور ان کی آواز بھی بھر آئی، انہوں نے مبارک باد دیتے ہوئے بتایا کہ ہماری افواج نے 6 دیہاتوں کا قبضہ چھڑا لیا ہے۔
مزید پڑھیں: آرمینیا اور آذربائیجان کے مابین جاری تنازع کب شروع ہوا؟
خیال رہے کہ چند روز سے آرمینیا اور آذربائیجان کے مابین نگورنو کاراباخ کے متنازعہ علاقے میں شدید جھڑپیں جاری ہیں جس کے نتیجے میں اب تک 100 کے قریب سویلین و فوجی ہلاک ہوچکے ہیں جبکہ سیکڑوں زخمی ہیں۔
آرمینیا اور آذربائیجان کے متعدد علاقوں میں تاحال مارشل لاء نافذ ہے، روس سمیت متعدد ملکوں نے فوری جنگ بندی کا مطالبہ کیا ہے جبکہ پاکستان اور ترکی نے آذربائیجان کی حمایت کا اعلان کیا ہے۔