سابق کپتان اظہر علی نے ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ کراچی میں انگلینڈ کے خلاف ٹیسٹ ان کا آخری میچ ہوگا۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اظہر علی نے کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ انگلینڈ کے خلاف کل سے شروع ہونے والا تیسرا ٹیسٹ ان کے کیریئر کا آخری میچ ہوگا۔
اظہر علی کا کہنا تھا کہ پاکستان کے لیے کھیلنا اور قومی ٹیم کی کپتانی کرنا ان کے لیے بڑا اعزاز ہے۔ میں نے اپنے کیریئر میں 96 ٹیسٹ کھیل کر 7097 رنز بنائے۔ خواہش تھی کہ 100 ٹیسٹ کھیلتا لیکن اب یہ نہیں ہوسکتا۔
سابق کپتان نے کہا کہ میرا ریٹائرمنٹ کا فیصلہ ذاتی ہے کسی اور کے کہنے پر نہیں کیا۔ پہلے ہی فیصلہ کر لیا تھا کہ یہ میرا آخری سیزن ہوگا کیونکہ ہر چیز کا اختتام ہوتا ہے اور دل و دماغ یہی کہتا ہے کہ اب وقت آگیا۔
اظہر علی نے ٹیسٹ میچ میں ٹرپل سنچری کو اپنے کیریئر کی بڑی کامیابی قرار دیا اور کامیاب کریئر پر اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کیا۔
انہوں نے اپنے کیریئر میں اینڈرسن اور ہیراتھ کو سب سے مشکل بولرز قرار دیا۔
اظہر علی نے 2010 میں آسٹریلیا کے خلاف اپنے ٹیسٹ کیریئر کا آغاز کیا۔ 9 ٹیسٹ میچوں میں پاکستانی ٹیم کی قیادت کی۔ انہوں نے اپنے کیریئر میں ٹرپل اور ڈبل سنچری سمیت 19 سنچریاں اسکور کیں لیکن ٹیسٹ میچز کی سنچری اسکور نہ کرسکے۔ انہوں نے 97 ٹیسٹ میچز کھیل کر 7097 رنز بنائے۔
سابق کپتان ٹیسٹ کرکٹ میں ٹرپل سنچری بنانے والے چوتھے اور زیادہ رنز بنانے والے پاکستانی بلے بازوں میں بلے پانچویں نمبر پر ہیں۔ تاہم خراب فارم کے باعث انہیں انگلینڈ کے خلاف ملتان ٹیسٹ سے ڈراپ کر دیا گیا تھا۔
واضح رہے کہ اس سے قبل سابق کپتان 2018 میں ون ڈے اور ٹی 20 فارمیٹ سے پہلے ہی ریٹائرمنٹ لے چکے ہیں۔