قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اظہر علی کو پاکستان کرکٹ بورڈ میں بڑا عہدہ دے دیا گیا ہے۔
سابق کپتان اظہر علی جو پہلے ہی قومی سلیکشن کمیٹی کے رکن ہیں۔ اب انہیں پاکستان کرکٹ بورڈ نے یوتھ ڈیولمپنٹ کا سربراہ مقرر کر دیا ہے۔
پی سی بی کا کہنا ہے کہ اظہر علی کا تجربہ اور وژن نوجوانوں کی کرکٹ کی ترقی وکامیابی میں اہم کردار ادا کرے گا۔
پی سی بی کے اس حوالے سے جاری پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ پاکستان کرکٹ کے مستقبل کی تشکیل کیلئے نوجوانوں کی کرکٹ کی جامع حکمت عملی کو ڈیزائن اور نافذ کرنا، مضبوط گراس روٹ کرکٹ ڈھانچہ، ریجنل کرکٹ ایسوسی ایشنوں کے ساتھ مل کر ایج گروپ کے پروگراموں کو مضبوط کرنا، پی سی بی کے پاتھ وے پروگرام کے تحت ابھرتے ہوئے کرکٹرز کی تعلیم وتربیت، سیمینارز اور کلینک کا انعقاد خواہشمند کھلاڑیوں کیلئے آف فیلڈ ڈیولپمنٹ کے بارے میں آگاہی پیدا کرنا شامل ہے۔
دوسری جانب اظہر علی نے اپنی تقرری پر کہا کہ اس اہم کردار کو نبھانے پر فخر محسوس کرتا ہوں اور پرجوش ہوں۔ ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ مستقبل کے اسٹارز کی تشکیل میں گراس روٹ کرکٹ کی ترقی اہم کردار ادا کرتی ہے۔
اظہر علی کا انٹرنیشنل کرکٹ کیریئر 2010 سے 2022 تک 12 سالوں پر محیط ہے۔ اس دوران انہوں نے 97 ٹیسٹ اور 53 ون ڈے میں پاکستان کی نمائندگی کی جب کہ 9 ٹیسٹ اور 31 ون ڈے میچوں میں قومی ٹیم کی کپتانی بھی کی۔