میلبرن: میلبرن ٹیسٹ میچ کے تیسرے روز اظہرعلی نے ناقابل شکست شاندار ڈبل سنچری اسکور کرکے پہلے ایشیائی بلے باز ہونے کا اعزاز حاصل کرلیا۔ اس ساتھ ہی انہوں نے مذکوہ ٹیسٹ میں مجموعی طور پر چار ریکارڈ اپنے نام کیے۔
تفصیلات کے مطابق میلبرن ٹیسٹ میچ کے تیسرے روز اظہر علی نے ڈبل سنچری بناتے ہوئے پہلے ایشیائی بلے باز ہونے کا اعزاز اپنے نام کرلیا۔ اظہر علی رواں سال ڈبل سنچری بنانے والے پہلے پاکستانی بن گئے۔
اظہرعلی جب تیسرے روز میدان میں اترے تو انہوں نے شروع میں تھوڑا محتاط انداز اپنائے رکھا۔ چار سے چھ اوورز کے بعد اوپننگ بلے باز نے گراؤنڈ کے چاروں اطراف شاندار اسٹروک کھیل کر کینگروز بالرز کی ایک نہ چلنے دی اور ناقابل شکست 205رنز بنائے۔
اس سے قبل اظہرعلی ویسٹ انڈیز کے خلاف سیریز میں بھی تھری فیگر اننگز بھی کھیل چکے ہیں۔ اوپننگ بیٹسمین کی ناقابل شکست اننگز میں بیس چوکے شامل تھے۔ اظہرعلی کیلینڈر ائیر میں ایک ہزار سے زائد رنز بنانے والے بھی واحد پاکستانی ہیں۔
اس میدان میں اظہرعلی نے ماجد خان کا سب سے بڑی انفرادی اننگز کا ریکارڈ بھی توڑدیا۔ ماجد خان نے سال 1972ء میں آسٹریلیا کیخلاف 158 رنز بنائے تھے۔
مزید پڑھیں: اظہرعلی ٹرپل سنچری بنانے والے پہلے کھلاڑی بن گئے
اظہرعلی نے اپنے ٹیسٹ کیریئر کا آغاز بھی کینگروز کے خلاف جولائی 2010ء میں لارڈز کے میدان میں کیا تھا۔ اظہر علی 55 ٹیسٹ میچز میں قومی ٹیم کی نمائندگی کرتے ہوئے 4377 رنز بناچکے ہیں جس میں 12 سنچریاں شامل ہیں۔ ان کی بیٹنگ اوسط 41.50 ہے۔