کراچی: شہر قائد میں عزیز سیکھا نامی شخص کی رہائش گاہ پر ایف آئی اے کے چھاپے میں ہزاروں ڈالر اور پرائز بانڈز برآمد ہوئے۔
تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے پی ای سی ایچ ایس میں عزیز سیکھا کے گھر پر 26 ستمبر کی رات 8 بجکر 45 منٹ پر چھاپا مارا گیا، انٹیلیجنس بیسڈ آپریشن میں حساس ادارے کے ساتھ ایف آئی اے اور پولیس نفری بھی شامل تھی۔
ذرائع کے مطابق عزیز سیکھا کے گھر سے چھاپے کے دوران 23 ہزار ڈالر، 2 کروڑ 60 لاکھ روپے سے زائد پاکستانی کرنسی برآمد ہوئی، 5 لاکھ 40 ہزار روپے مالیت کے پرائز بانڈ اور 2 موبائل فون بھی ایف آئی اے کے ہاتھ لگے۔
ایف آئی اے کے مطابق برآمد رقم اور موبائل فون ایف آئی اے کرائم سرکل منتقل کر دیے گئے ہیں، جب کہ ملزمان کے خلاف ایف آئی اے تھانے میں مقدمہ درج کیا جائے گا۔