بھارتی ریاست مدھیہ پردیش کے شہر باروانی میں کالے جادو کے نام پر ایک ایسا انوکھا واقعہ پیش آیا جس کے بارے میں جان کر ہر کسی کے ہوش اڑ گئے۔
انڈین میڈیا کے مطابق پتو سنگھ نامی نوجوان نے گھریلو پریشانیوں کی وجہ سے سونڈول گاؤں کے ایک بابا اوم پرکاش سے رابطہ کیا جس نے پریشانی حل کرنے کی یقین دہانی کروائی۔
اوم پرکاش نے پتو سنگھ سے کہا کہ گھر میں پوجا پاٹھ سے مسئلہ حل ہو جائے گا۔ یکم جون 2025 کو بابا اپنے ایک ساتھی کے ہمراہ گھر آیا، اس نے خواتین کو باہر بھیج دیا جبکہ تمام مردوں کو الگ الگ کمروں میں جانے کی ہدایت کی۔
یہ بھی پڑھیں: لاہور میں ماں نے کالا جادو کرتے ہوئے دو بچوں کو جلا دیا
پوجا پاٹھ مکمل کرنے کے بعد اوم پرکاش نے تمام گھر والوں کو بلایا اور انہیں سختی سے ہدایت کی کہ جب تک میں نہ کہوں کوئی بھی یہ الماری نہیں کھولے، ورنہ مسئلہ حل نہیں ہوگا۔
11 جون 2025 کو پتو سنگھ نے بابا اوم پرکاش سے رابطہ کیا اور بتایا کہ اسے رقم کی ضرورت ہے لہٰذا الماری کھولنے کی اجازت دی جائے۔ بابا نے اپنے والد کی موت کا بہانا بناتے ہوئے رابطہ منقطع کر دیا۔
پتو سنگھ نے گھر والوں کی مشاورت سے الماری کھولی تو سب کے ہوش اڑ گئے جبکہ کچھ لوگ بے ہوش ہو کر وہیں گر پڑے۔ دراصل الماری میں رکھے سونے کے زیورات (2 ہار، 2 انگوٹھیاں، 2 جوڑی بالیاں، گلے کی چین اور چوڑیاں) اور نقدی موجود نہیں تھے۔
متاثرہ خاندان نے فوری طور پر سٹی کوتوالی تھانے میں شکایت درج کروائی۔ پولیس نے خصوصی ٹیم تشکیل دیتے ہوئے بابا اوم پرکاش کو گرفتار کیا جس نے دوران تفتیش ساتھی کے ہمراہ زیورات اور نقدی چوری کرنے کا اعتراف کیا۔
پولیس نے ملزمان سے 12 لاکھ مالیت کے زیورات اور نقدی برآمد کر کے متاثرہ خاندان کے حوالے کیے اور دونوں کو عدالت میں پیش کیا۔
تھانہ سٹی کوتوالی کے انچارج دنیش سنگھ کشواہا نے بتایا کہ پتو سنگھ کو گھریلو پریشانی کی وجہ سے اوم پرکاش سے رابطہ کیا تھا، ملزم اپنے ساتھی شیام لال کماوت کے ساتھ گھر آیا اور چوری کی، انہوں نے گھر والوں کو اس لیے الماری بند رکھنے کو کہا تھا تاکہ واردات کا معلوم نہ ہو سکے۔