کراچی: معروف اداکار بابر علی کا کہنا ہے کہ فلم انڈسٹری میں آنے سے پہلے وہ بڑے اداکاروں کی شان و شوکت دیکھا کرتے تھے اور اسی سے ان کے دل میں ہیرو بننے کا شوق جاگا۔
ماضی کے معروف اداکار بابر علی نے اے آر وائی نیوز کے پروگرام شان سحور میں میزبان ندا یاسر سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ وہ اس حوالے سے خوش قسمت رہے کہ انہیں بہت جلدی فلمیں ملنا شروع ہوگئیں اور ان کی ایک کے بعد ایک فلم کامیاب ہوتی گئی۔
بابر علی نے بتایا کہ انڈسٹری میں آنے سے پہلے وہ بڑے اداکاروں کو دیکھتے تھے کہ کس طرح وہ شان سے اپنی گاڑی سے اتر کر اندر جاتے تھے، تب ان کے دل میں بھی ہیرو بننے کی خواہش جاگتی تھی۔
انہوں نے کہا کہ ان کے لمبے بالوں کی وجہ سے انہیں اکثر افراد ہیرو ہی کہتے تھے۔
بابر علی نے بتایا کہ ان کا ہیئر اسٹائل اتنا مشہور ہوا کہ پورے ملک کے نوجوان ویسے بال رکھنے لگے، مائیں انہیں دیکھ کر ڈانٹتی تھیں کہ تمہاری وجہ سے ہمارا بچہ خراب ہوگیا۔
انہوں نے بتایا کہ جس باربر شاپ سے وہ بال کٹوانے جاتے تھے وہاں اور آس پاس کی ساری دکانوں پر ان کی تصاویر لگ چکی تھیں کیونکہ لوگ آکر انہی کے جیسا اسٹائل بنانے کی فرمائش کرتے تھے۔