پاکستان کے سابق وکٹ کیپر بلے باز کامران اکمل کا ماننا ہے کہ ویرات کوہلی اور بابر اعظم کے درمیان کوئی موازنہ نہیں ہے۔
کرکٹ شائقین اکثر دونوں کرکٹرز کا ایک دوسرے سے مقابلہ کرتے نظر آتے ہیں، بھارتی شائقین کوہلی کو بہتر مانتے ہیں جبکہ کئی پاکستانی مداحوں کے نزدیک بابر اعظم ان سے بہتر پلیئر ہیں، سوشل میڈیا میں اس بات پر بھی بحث ہوتی ہے ان میں سے کون بہتر کور ڈرائیو کرتا ہے۔
کامران اکمل نے بھارتی ذرائع ابلاغ سے گفتگو میں کہا کہ وہ لوگ جو بابر اعظم اور ویرات کوہلی کا ایک دوسرے سے مقابلہ کرتے ہیں وہ بے وقوف ہیں، ویرات کوہلی اتنا بڑا کھلاڑی ہے کہ وہ عالمی سطح پر ایک رول ماڈل رہا ہے۔
سابق پاکستانی کرکٹر نے کہا کہ کوہلی بہت جنون کے ساتھ کھیلا ہے، ایسے کھلاڑی آنا مشکل ہیں، اس نے اتنا اعلیٰ معیار قائم کیا ہے کہ دونوں کے درمیان کوئی موازنہ نہیں ہے۔
کامران اکمل نے کہا کہ ویرات پچھلے کچھ سالوں سے رنز کے لیے جدوجہد کر رہے ہیں، پچھلے پانچ سالوں میں انھوں نے صرف 3 ٹیسٹ سنچریاں بنائیں جبکہ بابر بھی اسی دور سے گزر رہے ہیں۔
پورا ملک بابر اعظم کی 20ویں ون ڈے سنچری کا انتظار کر رہا ہے، شاید وہ چیمپئنز ٹرافی میں رنز بنانا شروع کردیں، ہم چاہتے ہیں کہ بابر اعظم کم از کم 30 سے 35 سنچریاں اسکور کریں۔