اسلام آباد : پاکستان تحریک انصاف کے رہنما بابر اعوان کا کہنا ہے کہ نواز شریف کی نااہلی تاحیات ہے، نااہل شخص جی ٹی روڈ پر جشن نااہلی منانا چاہتا ہے، نواز شریف سیکیورٹی رسک ہے۔
تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی رہنما بابر اعوان نے سابق وزیر اعظم کو سیکیورٹی رسک قراردیتے ہوئے کہا کہ نااہل شخص جی ٹی روڈ پر جشن نااہلی منانا چاہتا ہے، تمام وسائل نواز شریف کےنا اہلی کےجنازہ پر وقف کردیے گئے ہیں۔
بابراعوان نے کہا پنجاب کی سیکیورٹی گارڈ فادر ون اور ٹو پر لگی ہے، نواز شریف بتائیں پاورشوکس کو دکھانا چاہتے ہیں، سب سے بڑے صوبے کے ریڈزون میں بارود بھرا ٹرک پھٹا، ٹرک ریڈ زون میں تین دن سے موجود تھا۔
پی ٹی آئی رہنما کا کہنا تھا کہ قوم کو بتانا چاہتا ہوں یہ اب کبھی وزیر اعظم نہیں بن سکتے، پیغام دے رہے ہیں فیصلہ درست نہیں ہے تو اپیل کیوں نہیں کی، مسلم لیگ ن نام لے کون آپ کے خلاف سازش کررہا ہے۔
انھوں نے کہا کہ احتساب کے معاملے پر کوئی رعایت نہیں ہونی چاہیے، نوازشریف کے لیے کوئی این آراو نہیں آئے گا۔
پرویز مشرف کے حوالے سے بابر اعوان کا کہنا تھا کہ مشرف کو انہوں نے سلیوٹ مار کر باہر بھیجا ، عدالت میں کہا کہ ہمیں مشرف کے باہر جانے پر کوئی اعتراض نہیں، ڈاکٹرز کی ہڑتال میں انہوں نے دو پولیس والے شہید کرادیے۔