اسلام آباد : وزیراعظم عمران خان کیخلاف انتخابی ضابطہ اخلاق کی شکایت پر بابراعوان نے الیکشن کمیشن میں جواب داخل کرادیا، جس میں کہا وزیراعظم نےضابطہ اخلاق کی کسی بھی شق کی خلاف ورزی نہیں کی ، تحریک انصاف قانون کے مکمل احترام پر یقین رکھتی ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان کو دورہ خان گڑھ پر ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر جاری نوٹس پر وکیل بابراعوان نےالیکشن کمیشن میں جواب داخل کرادیا۔
بابراعوان نے سیکریٹری الیکشن کمیشن سے ملاقات کی، جس میں بابراعوان نےکہا وزیراعظم نےضابطہ اخلاق کی کسی بھی شق کی خلاف ورزی نہیں کی، ریکارڈ پر ہے کابینہ کے رکن علی محمدمہر دار فانی سےکوچ کرگئے، وزیراعظم اہلخانہ سے تعزیت کیلئے گھوٹکی تشریف لے گئےتھے۔
بابر اعوان کا کہنا تھا تحریک انصاف قانون کے مکمل احترام پر یقین رکھتی ہے، وزیراعظم نے گھوٹکی میں کسی سیاسی سرگرمی میں حصہ نہیں لیا اور اپنےقیام کے دوران نہ ہی میڈیا سے مخاطب ہوئے، ضابطہ اخلاق کی شق 17-B کسی طور بھی تعزیت سے نہیں روکتی۔
وزیراعظم کے وکیل نے کہا یکسربےبنیاد،جھوٹی اورمن گھڑت درخواست داخل کی گئی، سنسنی پھیلانے اور توجہ حاصل کرنے کی ناکام کوشش کی گئی، وزیراعظم کیخلاف جھوٹا اور بے بنیاد بیان داخل کرایاگیا۔
ان کا کہنا تھا الیکشن کمیشن 19 جون کا نوٹس واپس لے ، درخواست گزارکیخلاف قانونی چارہ جوئی کامکمل اختیار ہے، الیکشن کمیشن درخواست و بیان حلفی کی نقول فراہم کرے۔
مزید پڑھیں : وزیراعظم عمران خان کو دورہ خان گڑھ پر شوکاز نوٹس جاری
گذشتہ روز وزیر اعظم عمران خان سے پاکستان تحریک انصاف کے رہنما ڈاکٹر بابر اعوان نے ملاقات کی تھی، جس میں موجودہ صورتحال ، اپوزیشن کی جانب سے بلائی گئی اے پی سی اور احتساب عمل کے حوالے سے بات چیت کی گئی۔
وزیر اعظم عمران خان نے عدالتوں کے ذریعے بری ہونے پر ڈاکٹر بابر اعوان کو مبارکباد دی تھی۔
یاد رہے الیکشن کمیشن نے وزیر اعظم عمران خان کو دورہ خان گڑھ پر ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر شوکاز نوٹس جاری کیا تھا اور ایک ہفتے میں جواب داخل کرانے کی ہدایت کی تھی ، وزیراعظم کی آمدکیخلاف پی پی امیدوارنےالیکشن کمیشن کوشکایت کی تھی۔