بابر اعظم جو طویل عرصہ سے آؤٹ آف فارم ہیں ان کا بلا کیسے دوبارہ رنز اگل سکتا ہے اس حوالے سے پاکستان کے ایک سابق کپتان نے اہم بات کی ہے۔
پاکستان کی موجودہ کرکٹ ٹیم کے سب سے باصلاحیت بلے باز بابر اعظم گزشتہ ڈیڑھ سال سے آؤٹ آف فارم ہیں۔ اس دوران چند ایک اننگز میں انہوں نے اسکور کیا لیکن وہ ماضی کی طرح تسلسل سے رنز نہیں بنا پا رہے ہیں۔
پی ایس ایل 10 میں پشاور زلمی کے کپتان نے ابتدائی تین میچز میں بدترین ناکامی کے بعد دو میچز میں قابل قدر کارکردگی دکھائی ہے، مگر ان کے پرستار بابر اعظم سے ماضی کی طرح تسلسل کے ساتھ میچ وننگ اننگز کی توقعات رکھتے ہیں۔
اس حوالے سے جہاں پاکستان سمیت دنیا بھر کے ساتھ کرکٹرز بابر اعظم کی فارم کی بحالی کے حوالے سے گفتگو اور مشورے دے رہے ہیں۔ وہیں سابق قومی کپتان اور پاکستان کی جانب سے ون ڈے کے سب سے کامیاب بلے باز انضمام الحق نے بھی مشورہ دیا ہے۔
انضمام الحق نے کہا ہے کہ بابر اعظم کو تسلسل سے رنز بنانے کے لیے اپنے ذہن سے اسٹرائیک ریٹ کو نکالنا ہوگا۔
ان کا کہنا تھا کہ بابر ایک عظیم کھلاڑی ہے تاہم 10 سال میں پہلی بار دیکھ رہا ہوں کہ اس سے رنز نہیں بن پا رہے ہیں۔
انضمام الحق نے کہا کہ ہر بڑے کھلاڑی کے کیریئر میں ایسا وقت آتا ہے۔ بابر اعظم کو پریشان نہیں ہونا چاہیے اور اس کو چیزوں کو نارمل لینا چاہیے۔