اتوار, فروری 9, 2025
اشتہار

بابراعظم ویرات کوہلی کو پچھاڑکر دنیا کے نمبر ون بلے باز بن گئے

اشتہار

حیرت انگیز

دبئی: پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان اور مایہ ناز بلے باز بابراعظم نے ایک اور تاریخ رقم کرلی ہے۔

تفصیلات کے مطابق آئی سی سی نے ایک روزہ میچز کی تازہ ترین درجہ بندی جاری کی ہے، جس میں بابراعظم نے بھارتی کپتان ویرات کوہلی سے نمبر ون کی پوزیشن چھین لی ہے، بابر اعظم آئی سی سی کی ون ڈے رینکنگ میں پہلے نمبر پر آگئے ہیں۔

اسی اعزاز کے ساتھ پاکستان کرکٹ نے اٹھارہ سال بعد تاریخ رقم کی ہے، اس سے قبل سال دو ہزار تین میں محمد یوسف ون ڈے رینکنگ میں نمبر ون پوزیشن پر رہنے والے آخری قومی کھلاڑی تھے۔

آئی سی سی کی جانب سے جاری نئی رینکنگ کے مطابق قومی ٹیم کے کپتان اور مایہ ناز مڈل آرڈر بلے باز بابراعظم 865 پوائنٹس کے ساتھ پہلے نمبر پر براجمان ہوگئے، دوسرے نمبر پر بھارتی کپتان ویرات کوہلی ہے جن کے 857 پوائنٹس ہیں، بھارت کے روہت شرما تیسرے جبکہ نیوزی لینڈ کے روز ٹیلر چوتھے جبکہ آسٹریلیا کے ایرون فنچ پانچویں پوزیشن پر موجود ہیں۔

جنوبی افریقا کے خلاف مسلسل دو سنچریوں نے پاکستانی اوپنر فخر زمان کو ٹاپ ٹین بلے بازوں کی فہرست میں شامل کرادیا ہے اور وہ ون ڈے رینکنگ میں ساتویں نمبر پر آگئے ہیں۔

اس کے ساتھ ہی بابر اعظم یہ اعزاز حاصل کرنے والے چوتھے پاکستانی بیٹسمین بنے، اس سے قبل ظہیر عباس،جاوید میانداد اور محمدیوسف بھی آئی سی سی ون ڈے رینکنگ میں نمبر ون پر رہ چکے ہیں۔

وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے آئی سی سی رینکنگ میں پہلی پوزیشن حاصل کرنے پر بابر اعظم کو مبارکباد دی ہے، سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری اپنے بیان میں وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ آئی سی سی رینکنگ میں بابر اعظم کا سر فہرست آنا قوم کیلئے اعزاز ہے، مستقبل میں بھی بابر اعظم کی کامیابیوں کے لئے دعا گو ہوں۔

سینیٹر فیصل جاوید کی جانب سے بھی آئی سی سی رینکنگ میں پہلی پوزیشن حاصل کرنے پر بابر اعظم کو مبارکباد دی گئی ہے۔

اہم ترین

مزید خبریں