تازہ ترین

بابر اعظم کو یوم پاکستان پر سول ایوارڈ دینے کا اعلان

حکومت کی جانب سے قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم کو یوم پاکستان 23 مارچ 2023 کو سول ایوارڈ دینے کا اعلان کیا گیا ہے۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق آزادی کے 75 سال پر قومی ٹیم کے کپتان بابراعظم کے لیے سول ایوارڈ کا اعلان کیا گیا ہے انہیں 23مارچ 2023 کو ایوارڈ سے نوازا جائے گا۔

 واضح رہے کہ اس سے قبل بھی متعدد شوبز اور کھیلوں سے وابستہ شخصیات  کو سول ایوارڈز سے نوازا جاچکا ہے۔

قیام پاکستان کے بعد ’پاکستان سول ایوارڈ‘ کے نام سے چھ اقسام کے ایوارڈز دینے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔ یہ فیصلہ ملک کے معرض وجود میں آنے کے گیارہ سال بعد 1958 میں ہوا تھا۔

1958 میں جو فیصلہ کیا گیا تھا اس کے تحت ’اعزازبرائے پاکستان، برائے شجاعت، برائے امتیاز، برائے قائد اعظم، برائے خدمت‘ اور’ صدارتی ایوارڈ برائے حسن کارکردگی‘ شامل تھے۔

اس وقت کے فیصلے کے تحت ہر اعزاز کے مزید چار درجے متعین کیے گئے تھے۔ ترتیب کے اعتبار سے ’نشان امتیاز‘ سب سے بڑا اعزاز قرار پایا ۔ اس کے بعد بالترتیب ، ہلال امتیاز، ستارہ امتیاز اورتمغہ امتیاز‘ قرار دیے گئے۔

صدارتی ایوارڈ برائے حسنِ کارکردگی، آرٹ، ادب، سائنس، کھیل اور نرسنگ کے شعبوں میں غیر معمولی خدمات کے اعتراف کے طور پر دیا جاتا ہے۔ ناموں کی نامزدگی کا اعلان ہر سال 14 اگست کو ہوتا ہے لیکن اعزاز 23 مارچ کو عطا کیا جاتا ہے۔

نشان شجاعت، ہلال شجاعت، ستارہ شجاعت، تمغہ شجاعت، اور صدارتی ایوارڈ برائے حسن کارکردگی کے ساتھ ایوارڈ یافتگان کو معقول رقم بھی دی جاتی ہے۔

ایوراڈ برائے شجاعت چاروں درجوں میں بہادری اورغیر معمولی حالات میں انسانی زندگیوں کو بچانے کے سلسلے میں انجام دی جانے والی خدمات کے صلے میں ملتے ہیں۔

دیگر درجوں میں اعزازت میڈیسن،انجینئرنگ، ٹیکنالوجی، فلسفہ، تاریخ، تعلیم اور ادب کے حوالے سے کی جانے والی ریسرچ پر دیے جاتے ہیں۔

حکومتی اداروں میں خدمات انجام دینے والے سرکاری ملازمین اورغیر ملکی شہریوں کو بھی ایوارڈ ملتے ہیں۔ اس کے لیے معیار یہ مقرر ہے کہ انہوں نے پاکستان کے لیے غیر معمولی خدمات سر انجام دی ہوں۔

پہلا تمغہ برائے حسن کارکردگی مغربی پاکستان میں ابوالاثرحفیظ جالندھری، مشرقی پاکستان میں ڈاکٹر شاہین الدولہ اور جسیم الدین کو دیا گیا۔ سال 1959 تھا۔

Comments

- Advertisement -