ڈنیڈن: پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان بابر اعظم کی مسلسل تیسرے میچ میں بھی نصف سنچری بنا کر منفرد ریکارڈ اپنے نام کرلیا۔
پاکستانی بلے باز آج بھی ریت کی دیوار ثابت ہوئے، نیوزی لینڈ نے تیسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں بھی پاکستان کو شکست دے کر فیصلہ کن برتری حاصل کرلی۔
آج کے میچ میں نیوزی لینڈ کے کھلاڑی فن ایلن نے جارحانہ بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 62 گیندوں پر 16 چھکوں اور 5 چوکوں کی مدد سے 137 رنز بنائے جبکہ پاکستانی بولز حارث رؤف نے اپنے چار اوورز میں 60 رنز دے کر 2 وکٹیں حاصل کیں۔
اس کے علاوہ قومی ٹیم کی جانب سے سابق کپتان بابر اعظم ہی نمایا رہے، ڈیونیڈن میں کھیلے گئے سیریز کے تیسرے میچ میں قومی ٹیم کے بیٹر بابر اعظم نے 37 گیندوں پر 1 چھکے اور 8 چوکوں کی مدد سے 58 رنز کی اننگز کھیلی تاہم وہ پاکستان کو میچ جتوانے میں ناکام رہے۔
جس کے بعد سابق کپتان بابر اعظم ٹی 20 انٹرنیشنل میں دنیا کے دوسرے بلے باز بن گئے ہیں جنہوں نے 10 مرتبہ 50 یا اس سے زائد رنز کی اننگز کھیلی تاہم وہ ٹیم کو فتح دلوانے میں ناکام رہے۔
اس فہرست میں بھارت کے سابق کپتان ویرات کوہلی کا پہلا نمبر ہے جنہوں نے 11 مرتبہ 50 یا اس سے زائد رنز کی اننگز کھیلی لیکن بھارتی ٹیم میچ جیتنے میں ناکام رہی۔
واضح رہے کہ تیسرے ٹی20 میچ میں نیوزی لینڈ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 224 رنز بنائے، جواب میں قومی ٹیم محض 179 رنز بناکر ڈھیر ہوگئی اور یوں سیریز میں مسلسل تیسری شکست کا منہ دیکھنا پڑا۔