لاہور: قومی ٹی 20 کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے کہا ہے کہ سری لنکا کے خلاف سیریز سے کافی کچھ سیکھا ہے، آسٹریلیا میں مثبت کرکٹ کھیلیں گے۔
تفصیلات کے مطابق قومی ٹی 20 کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نوجوان اور سینئر کھلاڑیوں کا اچھا کمبی نیشن بنارہے ہیں، کوشش کروں گا بیٹنگ کی طرح کپتانی میں بھی پرفارم کروں۔
انہوں نے کہا کہ جیسے آسٹریلوی ٹیم جارحانہ حکمت عملی بناتی ہے ہم بھی جارحانہ کرکٹ کھیلیں گے، ٹیم کا کمبی نیشن اچھا ہے، بولنگ میں محمد عامر کے ساتھ محمد عرفان اور محمد موسیٰ بھی موجود ہیں، ہمارا بولنگ اٹیک اچھا ہے۔
بابر اعظم نے کہا کہ عثمان قادر کو اس لیے سلیکٹ کیا گیا ہے کہ وہ آسٹریلیا میں لیگ کرکٹ کھیلے ہیں ان کو بیک اپ کے طور پر لے کرجارہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہمارے اہم اسپنرز شاداب خان اور عماد وسیم ہی ہیں جو ہمیں آسٹریلیا میں میچ جتوائیں گے۔
بابر اعظم کے مطابق خوش دل شاہ کی پاور ہٹنگ کافی اچھی ہے، وہ میچ کے حساب سے کھیلتے ہیں، نیشنل ٹی 20 میں بھی خوش دل شاہ نے پاور ہٹنگ سے میچ جتوایا ہے۔
مزید پڑھیں: ون ڈے رینکنگ، محمد عامر ٹاپ ٹین بولرز میں شامل، بابر اعظم کی تیسری پوزیشن
ٹی 20 کپتان نے کہا کہ پوری توجہ آسٹریلیا کے خلاف سیریز پر مرکوز ہے، دیگر ٹیموں کے کپتانوں کو دیکھ کر ٹیم کی قیادت کرنا سیکھ رہا ہوں۔
بابر اعظم نے کہا کہ آسٹریلیا میں کھیلنے کا تجربہ رہا ہے، گیند باؤنس ہوتی ہے، بولنگ ہماری طاقت ہے، ذمہ داری کی وجہ سے دباؤ بڑھ جاتا ہے پھر بھی کوشش ہے اچھا کھیلوں۔
ایک سوال کے جواب میں ٹی 20 ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے کہا کہ ٹیم منتخب کرنا سلیکٹرز کا کام ہے۔
بابر اعظم نے کہا کہ 3 سال سے ٹیم میں ہوں کافی چیزیں سیکھی ہیں، نیشنل ٹی 20 میں میری وجہ سے میچ نہیں ہارے تھے ہماری بولنگ کمزور تھی۔
انہوں نے کہا کہ سرفراز احمد کی ملک کے لیے خدمات ہیں وہ اپنی پرفارمنس کی وجہ سے پریشر میں تھے۔