ڈربی: قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے آٹھ سالہ مداح سامعہ افسر کی ملنے کی خواہش پوری کردی۔
تفصیلات کے مطابق قومی ٹی ٹوینٹی اور ون ڈے ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے آٹھ سالہ مداح سامعہ افسر کی ملنے کی خواہش پوری کردی، سامعہ نے ٹیلی کانفرنس کے ذریعے انگلینڈ میں موجود بابر اعظم سے گفتگو کی۔
اسٹار بلے باز بابر اعظم نے سامعہ افسر کی بیٹنگ کی تعریف کرکے انہیں مزید خوش کردیا۔
بابر اعظم نے کہا کہ آپ مجھ سے بھی اچھی ڈرائیو کھیلتی ہیں، بابر اعظم نے سامعہ کو پل شاٹ کھیلنے کی ٹپس بھی دیں۔
📽️ @babarazam258 e-meets eight-year-old fan
More: https://t.co/Uiqf9P1oJo pic.twitter.com/cliRl6fvhm
— Pakistan Cricket (@TheRealPCB) July 15, 2020
ان کا کہنا تھا کہ سامعہ افسر سے ویڈیو لنک پر ملاقات کرکے بہت خوشی ہوئی، اتنی چھوٹی عمر میں سامعہ کی بیٹنگ کی صلاحتیں دیکھ کر حیران رہ گیا۔
بابر اعظم نے کہا کہ شائقین کھیل کا سب سے اہم حصہ ہیں کیونکہ شائقین اچھے یا برے ہر وقت میں کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کرتے ہیں، انگلینڈ کے خلاف سیریز میں شائقین کی کمی کو ضرور محسوس کریں گے۔
واضح رہے کہ سامعہ اچھی آرٹسٹ بھی ہیں جس کا مظاہرہ انہوں نے بابر اعظم کا اسکیچ بنا کر کیا، بابر اعظم نے سامعہ سے دستخط والی شرٹ بھیجنے کا وعدہ بھی کیا۔
کپتان کی 8 سالہ مداح سامعہ افسر نے کہا کہ بابر اعظم کی سب سے بڑی پرستار ہوں، ان کی طرح نامور کرکٹر بننا چاہتی ہوں۔